مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما اور سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ تحریک انصاف اسمبلیاں شوق سے تحلیل کرے۔
جیو نیوز کے پروگرام ’آج شاہزیب خانزادہ کے ساتھ‘ میں گفتگو کے دوران شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ پنجاب میں ن لیگ کے پاس اکثریت کے لیے بہت کم فرق ہے، جسے پورا کیا جاسکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف اسمبلیاں تحلیل کرنا چاہتی ہے تو شوق سے کرلے، پی ٹی آئی کو 2 صوبوں میں الیکشن کا شوق ہے تو اُسے ضرور پورا کرنا چاہیے۔
ن لیگی رہنما نے مزید کہا کہ آئین کے مطابق گنجائش موجود ہے کہ ووٹ کیسے کریں گے اور کیا اثرات ہوں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ عمران خان کی جو باتیں سامنے آئی ہیں، نہیں لگتا کہ لوگ ان کو ووٹ دیں گے، ان کی غلط فہمی ہے، حکومت 27 کلومیٹر کی نہیں پاکستان کی ہوتی ہے۔
شاہد خاقان عباسی نے یہ بھی کہا کہ نواز شریف علاج کروا رہے ہیں، وہ اپنے وقت پر واپس آجائیں گے، ن لیگی قائد کو تاحیات نااہل کیا گیا سیاست سے باہر کیا گیا، آج بھی وہ سیاست کا محور ہیں۔
انہوں نے استفسار کیا کہ کسی کے پاس گارنٹی ہے کہ الیکشن سے سیاسی استحکام آجائے گا؟ مفتاح اسماعیل نے حقائق سامنے رکھے ہیں کہ ملک کے حالات مشکل ہیں۔
سابق وزیراعظم نے کہا کہ یہ تمام خرابیاں عمران خان کی پیدا کردہ ہیں، آج معاملات کا حل الیکشن میں نہیں استحکام میں ہے۔
انہوں نے کہا کہ ملک ڈیفالٹ نہیں کرے گا، اسمبلیاں تحلیل کرکے الیکشن میں جائیں گے تو ڈیفالٹ کا خطرہ بڑھ جائے گا۔
Comments are closed.