آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی کرکٹ ورلڈکپ کے فائنل سے قبل گڈانی کے آرٹسٹوں نے اپنی ٹیم کو سپورٹ کرنے کیلئے محمد رضوان اور شاداب خان کا ریت پر پورٹریٹ بنا دیا ہے۔
گڈانی سے تعلق رکھنے والے نوجوان آرٹسٹ سمیر شوکت نے اس سے قبل بھارتی کھلاڑی ویرات کوہلی اور پاکستانی فاسٹ بولر شاہنواز دھانی کا بھی ریت پر پورٹریٹ تیار کرچکے ہیں۔
اب ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے فائنل سے قبل انہوں نے اپنی ٹیم کو ٹریبیوٹ پیش کرنے کیلئے وکٹ کیپر محمد رضوان اور آل راؤنڈر شاداب خان کا پورٹریٹ بنایا ہے، جسے خوب پسند کیا جا رہا ہے۔
جیو ڈیجیٹل سے گفتگو کرتے ہوئے سمیر شوکت کا کہنا تھا کہ وہ بچپن سے ہی گڈانی میں رہائش پذیر ہیں۔ انہیں سینڈ آرٹ کا شوق اپنے بھائی کو دیکھ کر ہوا۔ ان کے بھائی بھی سینڈ آرٹ کیا کرتے تھے۔ سمیر نے اپنے بھائی سے یہ ہنر سیکھا۔ ان کی ٹیم 2014 سے گڈانی کے ساحل پر یہ ہنر سیکھ ری ہے۔
نوجوان آرٹسٹس کی یہ ٹیم گزشتہ ایک سال سے سینڈ آرٹ کر رہی ہے اور یہ ان کے روزگار کا بھی ذریعہ ہے۔
2020 سے 2022 کے درمیان انہوں نے متعدد مشہور شخصیات کے اسکیچ بنائے ہیں، جن میں عبدالستار ایدھی، عاطف اسلم، رونالڈو، ویرات کوہلی، میسی اور سابق وزیر اعظم عمران خان کے پورٹریٹس شامل ہیں۔
Comments are closed.