آرمی چیف کی تعیناتی چیئرمین نیب کی تعیناتی نہیں، عمران خان حساس معاملے کو سیاست کی نذر کررہے ہیں۔
جیو نیوز کے پروگرام ’نیا پاکستان‘ میں گفتگو کرتے ہوئے احسن اقبال نے کہا کہ آرمی چیف کی تعیناتی حساس معاملہ ہے، آرمی چیف کی تعیناتی وزیراعظم پروفیشنل بنیاد پر کریں گے، آرمی چیف کی تعیناتی کا طریقہ کار آئین و قانون میں موجود ہے۔
احسن اقبال نے مزید کہا کہ طریقہ کار یہ ہے کہ وزیر دفاع کی طرف سے پینل آتا ہے، اسی سے انتخاب ہوتا ہے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ قیاس آرائی نہیں کرنی چاہیے، وزیراعظم پروفیشنل بنیاد پر بہترین فیصلہ کریں گے، وزیراعظم وطن واپسی پر وزارت دفاع سے مشاورت کریں گے، وزیراعظم تعیناتی سے متعلق کابینہ سے مشاورت کر سکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان میرٹ کی بات کرتے ہیں، عثمان بزدار کو کس میرٹ پر لگایا تھا؟ جس شخص کو سب سے بڑا ڈاکو کہا اس کو وزیراعلیٰ بنایا۔ جسے کہتے تھے چپڑاسی بھی نہ رکھیں اسے کس میرٹ پر وزیر داخلہ لگایا۔
احسن اقبال نے کہا کہ عمران خان نے بین الاقوامی چینلز کو انٹرویوز میں آئیں بائیں شائیں کے علاوہ کوئی جواب نہیں دیا، عمران خان دھرنا، انتشار کی سیاست اور برانڈنگ کے ماہر ہیں۔
انہوں نے کہا کہ شہباز شریف نے پاکستان کو دیوالیہ ہونے سے بچانے کیلئے مشکل فیصلے کیے۔
Comments are closed.