ہفتہ16؍ربیع الثانی 1444ھ12؍نومبر 2022ء

فائنل سے قبل پاکستانیوں نے میلبرن کو قومی پرچم کے رنگوں سے بھر دیا

میلبرن میں آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے فائنل سے قبل یہاں مقیم اور دنیا بھر سے فائنل دیکھنے کے لیے آنے والے پاکستانی فینز نے آسٹریلوی شہر کو پاکستانی پرچم کے رنگوں سے بھر دیا ہے۔

ورلڈ کپ کا فائنل اتوار کی شام ہوگا لیکن پاکستانی فینز کا جوش ہفتے سے ہی عروج پر تھا، پاکستانی ریسٹورنٹس نے سبز اور سفید رنگ اُڑھ لیا ہے، سڑکوں پر پاکستانی فینز ٹیم کی شرٹ پہن کر گھوم رہے ہیں۔

اتوار کو پاکستان اور انگلینڈ کے فائنل سے قبل میلبرن کی سڑکیں ’جیتے گا بھئی جیتے گا، پاکستان جیتے گا‘ کے نعروں سے گونج اٹھی ہیں۔

پاکستانی شائقین کرکٹ جو ٹیم سے اچھی پرفارمنس کے لیے پرامید ہیں، سڑکوں پر دل دل پاکستان اور ہے جذبہ جنوں کی صدائیں بلند کرتے نظر آئے۔

پاکستانی فینز کا کہنا ہے کہ کل ٹی 20 ورلڈ کپ کے فائنل میں انگلینڈ کے خلاف فتح کے بعد میلبرن میں اس سے بھی بھرپور جشن منائیں گے۔

میلبرن کے علاقے کارلٹن میں شام ہی سے پاکستانی فینز کا رش دیکھنے میں آیا، جو قومی ٹیم کی شرٹس پہنے پھرتے رہے، جب فینز ٹولیوں کی شکل میں جمع ہوتے تو پاکستان زندہ باد کے نعرے لگاتے، ملی نغمے گنگناتے۔

لیگون اسٹریٹ پر موجود پاکستانی ریسٹورنٹس بھی کرکٹ کے سحر میں مبتلا تھے اور مختلف انداز میں قومی ٹیم کے ساتھ اپنی محبت کا اظہار کر رہے تھے، ان ریسٹورنٹس میں پاکستان کے ملی نغمے بلند آواز میں بجتے رہے، فینز بھی ساتھ ساتھ گنگناتے رہے۔

فینز کا کہنا تھا کہ وہ پر امید ہیں کہ اتوار کو ٹی 20 ورلڈ کپ کے فائنل میں انگلینڈ کے خلاف پاکستان ٹیم سرخرو ہوگی اور جیت کے بعد ایسا جشن منایا جائے گا کہ میلبرن کی سڑکیں کراچی اور لاہور کا سا منظر پیش کرنے لگیں گی۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.