وفاقی وزیر میاں جاوید لطیف نے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ یہ کیسا انوکھا لاڈلہ ہے کہ کھیلنے کو پاکستان مانگتا ہے؟
قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے جاوید لطیف کا کہنا تھا کہ یہ معیشت سے کھیلا، داخلہ اور خارجہ کے معاملات سے کھیلا، ہم انتہائی قدم برداشت نہیں کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان کہتا ہے کنٹرول روم سے چیزیں مانیٹر کر رہے تھے، اس 70 سال کے بچے کو نہیں پتا کنٹرول روم سے مانیٹر کیا جاتا ہے تو نواز شریف کو سزا دی جاتی ہے۔
رہنما مسلم لیگ (ن) کا کہنا تھا کہ نواز شریف نے بے گناہ ہونے کے باوجود اپنے 4 لوگوں کو پیچھے کر دیا۔
جاوید لطیف نے کہا کہ یہ کہتے ہیں احتجاج پنڈی اور اسلام آباد کے درمیان کریں گے، نومبر کے آخر تک احتجاج کریں گے، یہ دباؤ کیوں اور کس پر ڈال رہے ہیں؟
ان کا کہنا تھا کہ کل عمران خان نے کہا کہ میں اور نام لوں گا اور آج میرا نام لے لیا، 25 سال سے ہمیں بھی بہت نام معلوم ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ایسا نہیں ہوتا جس کی حکومت ہے وہ پولیس کی نگرانی میں احتجاج کرے۔
Comments are closed.