جمعرات14؍ربیع الثانی 1444ھ10؍نومبر 2022ء

مجھے نہیں اسلام آباد والوں کو جلدی ہے، عمران خان

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان کا کہنا ہے کہ لانگ مارچ کو لے کر چل رہے ہیں، انہیں نہیں اسلام آباد والوں کو جلدی ہے۔

چیئرمین پی ٹی آئی نے سینئر صحافیوں نے ملاقات کی اور اپنی زندگی سے متعلق لاحق خطرات اور حملے کے حوالے سے آگاہ کیا۔

پی ٹی آئی چیئرمین نے کہا کہ آنے والے دنوں میں قتل کی سازش پر عمل درآمد کروانے والے دوسرے نام بھی سامنے لاؤں گا۔

پی ٹی آئی چیئرمین نے کہا کہ حکمرانوں نے ای وی ایم کی اس لیے مخالفت کی کہ انہیں معلوم تھا میں جیت جاؤں گا، ای وی ایم کے بغیر بھی انتخاب ہوتے ہیں تو انشاء اللّٰہ ہم جیتیں گے۔

سابق وزیراعظم نے کہا کہ جس قدر عوام ہمارے ساتھ ہے انشاء اللّٰہ دو تہائی اکثریت ملے گی، اسی خوف سے ہماری مقبولیت کو دیکھتے ہوئے یہ انتخابات نہیں کر وا رہے، میں صرف شفاف الیکشن چاہتا ہوں، ملک کو در پیش مسائل کا حل شفاف انتخابات میں ہے۔

عمران خان نے کہا کہ نواز شریف کو بلانے کی کوشش ہو رہی ہے تاکہ ایک جیسا ماحول دینے کا تاثر دیا جا سکے، جو ڈگی میں چھپ کر ملتا ہے اس سے کیا مذاکرات ہوں گے۔

پی ٹی آئی چیئرمین نے کہا کہ  میں فوج کے ساتھ کھڑا ہوں، فوج میری ہے، میں لانگ مارچ کو لے کر چل رہا ہوں، مجھے جلدی نہیں اسلام آباد والوں کو جلدی ہے، لانگ مارچ کی ٹائمنگ خود طے کروں گا۔

عمران خان نے کہا کہ نواز شریف کو ایمپائر کی ضرورت ہے مجھے نہیں، نواز شریف ہمیشہ اپنے ایمپائر کے ساتھ کھیلتا ہے۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.