اتوار26؍ربیع الاول 1444ھ23؍اکتوبر 2022ء

والد کی پٹائی سے خوفزدہ ملیر کی دو نوعمر بہنیں ویمن پولیس کے حوالے

ملیر میمن گوٹھ میں والد کے ہاتھوں پٹائی سے خوفزدہ دو نوعمر بہنیں اولڈ سٹی ایریا میں عالم شاہ مزار پہنچ گئیں جنہیں عیدگاہ پولیس نے تحویل میں لے کر ویمن تھانہ منتقل کردیا۔

عیدگاہ تھانے کے سب انسپکٹر داؤد نے جیو نیوز کو بتایا کہ اولڈ سٹی ایریا میں جامع کلاتھ مارکیٹ کے قریب واقع عالم شاہ مزار کی انتظامیہ کے توسط سے دو کمسن بہنوں کو تحویل میں لے کر تھانہ منتقل کیا گیا ہے۔

16 سالہ گڑیا دختر پرتاب اور اس کی چھوٹی بہن 12 سالہ مسکان نے بتایا کہ وہ ملیر کے علاقے میمن گوٹھ کی گلی نمبر 8 کے محلہ چوڑی گلی کی رہائشی ہیں۔

کراچی سندھ ہائی کورٹ کے جسٹس کے کے آغا کی سربراہی…

بچیوں کے مطابق ہفتے کی صبح ان کا پڑوسیوں سے جھگڑا ہوا تھا جس پر ان کی والدہ نے ان کے والد سے شکایت لگادی، والد نے غصے میں آ کر ان سے مار پیٹ کی جس پر وہ دل برداشتہ ہو کر اقدام خودکشی کی غرض سے گھر سے نکلیں اور اولڈ سٹی ایریا کے علاقے میں ایم اے جناح روڈ پر پہنچ گئیں۔

ان بچیوں کا کہنا تھا کہ انہیں بھوک نے ستایا تو وہ عالم شاہ کے مزار پر چلی گئی جہاں انہوں نے مزار پر حاضری دی اور وہاں لنگر سے کھانا کھایا۔

بچیوں کے مطابق وہ مزار کے آس پاس وقت گزاری کرنے لگیں اور سمجھ میں نہیں آرہا تھا کہ کیا کریں کہ اچانک پولیس نے پہنچ کر انہیں تحویل میں لے لیا۔

پولیس کے مطابق مزار کی انتظامیہ نے بچیوں کی حرکات و سکنات مشکوک جان کر پولیس کو طلب کیا تھا۔

پولیس کے مطابق بچیاں اپنے والدین کے موبائل نمبر نہیں دے رہیں، جس پر انہیں مزید کارروائی کے لیے ویمن تھانہ جنوبی کی سب انسپکٹر شگفتہ کے حوالے کردیا گیا ہے۔

ویمن پولیس کے مطابق ملیر پولیس کے توسط سے بچیوں کے والدین سے رابطہ کیا جا رہا ہے۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.