نیشنل سیکیورٹی کمیٹی کے اہم اجلاس میں انسداد دہشتگردی کے ادارے (نیکٹا) کو فعال بنانے کا فیصلہ کرلیا گیا۔
وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت نیشنل سیکیورٹی کمیٹی کا اجلاس ہوا، جس میں ملک میں امن و امان کی مجموعی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
اعلامیے کے مطابق اجلاس نے کہا کہ شہدا کی قربانیاں رائیگاں نہیں جانے دی جائیں گی، شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کیلئے قوم اور ریاستی ادارے یک جان اور ایک آواز ہیں، پاکستان کی جغرافیائی سالمیت کی حفاظت کیلئے بھی قوم اور ریاستی ادارے یک جان اور ایک آواز ہیں، آئین اور قانون کی حکمرانی اور ریاستی عمل داری کیلئے بھی قوم اور ریاستی ادارے یک جان اور ایک آواز ہیں۔
نیشنل سیکیورٹی کمیٹی کا کہنا ہے کہ پوری قوم ان مقاصد پر واضح ذہن کے ساتھ متحد اور یکسو ہے، ہر قیمت پر ان مقاصد کے حصول کو یقینی بنایا جائے گا۔
اجلاس میں سوات سمیت ملک کے بعض حصوں میں امن و امان کو خراب کرنے کے واقعات کا جائزہ لیا گیا اور کہا گیا کہ پاکستان کے ہر شہری کا لہو قیمتی ہے، شہریوں کے خون بہانے میں ملوث ہر فرد سے قانون پوری سختی سے نمٹے گا۔
اعلامیے کے مطابق اجلاس میں مرکزی سطح پر ایپکس کمیٹی کی تشکیل کا فیصلہ کیا گیا، ایپکس کمیٹی کی صدارت وزیراعظم کریں گے، انسداد دہشتگردی کے ادارے (نیکٹا) کو فعال بنایا جائے گا، نیکٹا صوبائی سطح پر انسداد دہشت گردی کے محکموں سی ٹی ڈی کے اشتراک عمل سے کام کرے گا۔
اجلاس میں انسداد دہشتگردی کیلئے وفاقی اور صوبائی سطح پر نظام کو از سرِ نو متحرک کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔
Comments are closed.