امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ تین جماعتوں کی ناکام پالیسیوں سے ملک کی نسلیں قرضوں کی دلدل میں پھنس گئیں۔
منصورہ لاہور میں مرکزی نظم کے اجلاس سے خطاب میں سراج الحق نے کہا کہ پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی حکومتیں این آر او کے ذریعے قائم ہوئیں۔
انہوں نے کہا کہ حکمران معاشرے کو مغرب زدہ بنانے کی سازشوں میں آلہ کار بنے ہوئے ہیں۔
امیر جماعت اسلامی نے مزید کہا کہ مہنگائی نے عوام کا جینا دوبھر کر دیا ہے، بیروزگاری سے نوجوان مایوس اور ڈپریشن کا شکار ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ طاقتور کے احتساب اور آئین و قانون کی بالادستی سے ملک آگے بڑھے گا، ملک کے وسائل کو 7 دہائیوں سے بے دردی کے ساتھ لوٹا جا رہا ہے۔
سراج الحق نے یہ بھی کہا کہ بار بار اقتدار میں آنے والی جماعتوں نے عوام کو مایوسی کے سوا کچھ نہیں دیا۔
انہوں نے کہا کہ نام نہاد جمہوری ادوار اور مارشل لا کی حکومتیں ڈلیور کرنے میں ناکام ہوگئیں، ہم اسلامی نظام کے قیام کے لیے جدوجہد میں مزید تیزی لائیں گے۔
Comments are closed.