انگلینڈ نے پانچویں ٹی ٹوئنٹی میچ میں پاکستان کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بولنگ کرنے کا فیصلہ کرلیا۔
کراچی میں 4 میچز کا نتیجہ 2-2 سے برابر ہوا جبکہ آج لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں سیریز کا پانچواں میچ کھیلا جارہا ہے۔
پاکستان کی ٹیم میں 3 تبدیلیاں کی گئی ہیں جبکہ انگلینڈ نے اس میچ کے لیے 4 تبدیلیاں کی ہیں۔
قومی ٹیم میں خوشدل کی جگہ حیدر علی کو شامل کیا گیا ہے، عثمان قادر کی جگہ شاداب خان جبکہ محمد حسنین کو آرام دے کر عامر جمال کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے جو اپنا ٹی ٹوئنٹی ڈیبیو کریں گے۔
انگلینڈ کی ٹیم میں مارک ووڈ، سیم کرن، ڈاؤڈ ملان اور کرس ووکس کی واپسی ہوئی ہے۔
قومی ٹیم کی قیادت بابر اعظم کر رہے ہیں جبکہ محمد رضوان، شان مسعود، افتخار احمد، آصف علی، حیدر علی، محمد نواز، محمد وسیم جونیئر، شاداب خان، حارث رؤف اور عامر جمال پلیئنگ الیون میں شامل ہیں۔
مہمان ٹیم کی قیادت معین علی کر رہے ہیں جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں فل سالٹ، ایلکس ہیلز، ڈاؤڈ ملان، بین ڈکِٹ، ہیری بروک، سیم کرن، کرس ووکس، ڈیوڈ وِلی، عادل رشید اور مارک ووڈ شامل ہیں۔
سیریز کے پہلے میچ میں انگلینڈ نے پاکستان کو 6 وکٹوں سے زیر کیا تھا، دوسرے میچ میں پاکستان نے مہمان ٹیم کو 10 وکٹوں سے ہرایا۔
سیریز کے تیسرے میچ میں ایک مرتبہ پھر انگلینڈ کامیاب رہا اور اس نے یہ میچ 63 رنز سے جیتا جبکہ چوتھے مقابلے میں پاکستان نے ہاری بازی جیت کر سیریز 2-2 سے برابر کردی تھی۔
Comments are closed.