وزیر داخلہ رانا ثناء اللّٰه کا کہنا ہے کہ عمران خان اور اعظم خان کی آڈیو کا فارنزک آڈٹ کروانے جا رہے ہیں، اگر آڈیو درست ہے تو عمران خان کو قوم کے سامنے بےنقاب کرنا چاہیے۔
وفاقی کابینہ کے اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رانا ثناء اللّٰه نے کہا کہ عمران خان نے یونیورسٹی میں جا کر نوجوانوں میں زہر گھولا، وہ کہتے ہیں ان کو امریکا نے سازش کر کے ہٹایا۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان اور اعظم خان کی آڈیو لیک ہوئی ہے، جس میں اعظم خان کہتے ہیں کہ منٹس ان کے ہاتھ میں ہیں جو چاہیں گے کر لیں گے، موجودہ حکومت جمہوری طریقے سے اقتدار میں آئی ہے۔
رانا ثناء اللّٰه کا کہنا ہے کہ عمران خان جھوٹا ہے، قوم کے ساتھ فراڈ کر رہا ہے، انہوں نے ملکی معیشت اور سیاسی کلچر کو تباہ کیا، پی ٹی آئی چیئرمین نے پاکستان کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا، آڈیو میں عمران خان کہہ رہے ہیں کہ ہمیں صرف کھیلنا ہے، طلبا کو کہوں گا کہ عمران خان کا مکروہ چہرہ یہ ہے۔
مسلم لیگ ن کے رہنما نے کہا کہ عمران خان قوم کو تقسیم کرنا چاہتا ہے، انہوں نے قوم کو گمراہ کرنے کے لیے امریکی سازش کا بیانیہ بنایا، عمران خان کی ہنڈیاں بیچ چوراہے پر پھوٹی ہے، یہ فتنہ ملک اور قوم کو کسی حادثے سے دوچار کر سکتا ہے۔
ان کا مزید کہنا ہے کہ عمران خان قوم کو گمراہ کر کے کہتے رہے کہ امریکی سازش سے اس کی حکومت ختم ہوئی، سیاسی فتنے کو سیاسی طور پر ختم نہیں کریں گے تو وہ باقی رہے گا، پی ٹی آئی چیئرمین کو پہلے سیاسی طور پر ختم کرنا چاہیے۔
وفاقی وزیر برائے داخلہ کا یہ بھی کہنا ہے کہ عمران خان پہلے کہتے رہے کہ اس کی ویڈیو ہے جس میں اس کی کردار کشی کی جائے گی، وہ ویڈیو نہ بتانے والی ہے اور نہ دکھانے والی ہے۔
Comments are closed.