برطانوی خاندان سے علیحدگی اختیار کرنے والے شہزادہ ہیری نے2020ء میں شاہی ذمے داریوں سے دستبردار ہونے کے بعد شاہی خاندان کے اصولوں کے منافی ملکہ کی آخری رسومات میں ملٹری یونیفارم پہن کر شرکت کی۔
برطانوی نشریاتی ادارے کی رپورٹ کے مطابق، کنگ چارلس کی درخواست پر شہزادہ ہیری نے 2020ء کے بعد پہلی بار ویسٹ منسٹر ہال میں ملکہ کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کے لیے منعقد کی گئی تقریب میں ملٹری یونیفارم پہن کر شرکت کی۔
رپورٹ کے مطابق، ویسٹ منسٹر ہال میں ملکہ برطانیہ کو ان کے پوتے پوتیوں اور نواسے نواسیوں کی جانب سے خراجِ عقیدت پیش کرنے کے لیےایک خصوصی تقریب منعقد کی گئی جس میں شہزادہ ہیری ملٹری یونیفارم پہنے نظر آئے۔
اس سے قبل شہزادہ ہیری کو ملکہ برطانیہ کے انتقال کے بعد سے تمام تقریبات میں سادہ لباس پہنے ہی دیکھا گیا۔
یہ پہلا موقع تھا جب برطانوی شاہی خاندان کے پوتے پوتیوں اور نواسے نواسیوں نے تقریب میں شرکت کی۔
اس تقریب میں کنگ چارلس کے بیٹے شہزادہ ولیم اور ہیری، شہزادی این کے بچے پیٹر فلپس اور زارا ٹنڈل، شہزادہ اینڈریو کی بیٹیاں، شہزادی بیٹریس اور شہزادی یوجینی، شہزادہ ایڈورڈ کے بچے لیڈی لوئس ونڈسر اور جیمز نے بھی شرکت کی۔
اس تقریب میں شریک ملکہ کے پوتوں اور نواسوں میں 44 سالہ پیٹر فلپس سب سے بڑے ہیں جبکہ سب سے چھوٹے 14 سالہ جیمز ہیں۔
Comments are closed.