پاکستان مسلم لیگ کے رہنما عطا تارڑ کا کہنا ہے کہ ہاشم ڈوگر جیسا نکما وزیر داخلہ ہم نے نہیں دیکھا، انہوں نے مجھے تو کافی نہیں پلائی، میں انہیں دعوت دیتا ہوں، وہ پھینٹی ہوئی کافی پینا چاہیں گے تو وہ بھی مل جائے گی۔
لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عطا تارڑ نے کہا کہ مجھ پر جھوٹا مقدمہ بنایا گیا تھا، وزیر داخلہ پنجاب ہاشم ڈوگر کو نہ وزارت کا پتہ ہے نہ داخلے کا پتہ ہے۔
عطا تارڑ کا کہنا ہے کہ پنجاب حکومت گرانے کے لیے ہمارے پاس بہت سے آپشنز ہیں، میرا نہیں خیال کہ چوہدری پرویز الہٰی اعتماد کا ووٹ حاصل کر سکیں گے۔
مسلم لیگ کے رہنما نے کہا کہ آپ کا دامن صاف ہے تو فرح گوگی کو پاکستان کیوں نہیں بلاتے، شہباز شریف ثمرقند اور لندن جاتے ہیں تو انہیں تکلیف ہوتی ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ سیلاب زدگان کی بحالی کا کام جاری ہے، پنجاب اور کے پی میں حکومت رکھنے والی جماعت کہیں نظر نہیں آ رہی، وفاقی حکومت ہر سطح پر امداد کا کام ہو رہا ہے، وزیر اعلیٰ پنجاب اور ان کے صاحبزادے کہیں نظر نہیں آ رہے۔
لیگی رہنما نے کہا کہ آٹے اور ادویات کی قلت بڑھ رہی ہے، پنجاب حکومت قلت پر قابو پانے میں ناکام رہی، ذخیرہ اندوزوں کے ساتھ پنجاب حکومت کی ساز باز ہے۔
Comments are closed.