بدھ14؍شوال المکرم 1442ھ26؍مئی 2021ء

ملک میں ڈینگی کے کیسز میں تیزی سے اضافہ

ملک بھر میں ڈینگی وائرس کے کیسز تیزی سے بڑھنے لگے ہیں۔

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں ڈینگی سے مزید 96 افراد متاثر ہو گئے، جس کے بعد اس کے مریضوں کی مجموعی تعداد 1331 ہو گئی ہے۔

ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر (ڈی ایچ او) کے مطابق اسلام آباد کے دیہی علاقوں میں مزید 50 کیس رپورٹ ہوئے ہیں جبکہ شہری علاقوں میں ڈینگی کے 46 کیسز سامنے آئے۔

ڈی ایچ او کا کہنا ہے کہ اسلام آباد میں ڈینگی سے جاں بحق ہونے والے افراد کی تعداد 4 ہو گئی ہے۔

دوسری جانب کراچی میں ڈینگی کے مریضوں کی تعداد میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے۔

محکمۂ صحت سندھ کے مطابق سندھ میں سرکاری اسپتالوں میں ڈینگی وارڈز فعال ہے،صوبے بھر کے اسپتالوں میں ڈینگی مریضوں کے لیے 722 بستر مختص کیے گئے ہیں۔

صوبے میں ڈینگی کے لیے مختص574 بستر اس وقت خالی ہیں، کراچی کے سرکاری اسپتالوں میں ڈینگی کے 140 مریض زیر علاج ہیں، شہر میں رواں ماہ ڈینگی سے 2469 افراد متاثر ہوئے ہیں۔

محکمۂ صحت سندھ کا کہنا ہے کہ کراچی میں رواں سال ڈینگی کے 4676 کیسز رپورٹ ہوئے، شہر میں رواں سال 11 افراد ڈینگی کے باعث انتقال کر چکے ہیں۔

محکمۂ صحت کے مطابق خیبر پختون خوا میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ڈینگی کے 350 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جس کے بعد صوبے میں ڈینگی مریضوں کی تعداد 4 ہزار 538 ہوگئی ہے۔

خیبر پختون خوا بھر میں اب تک ڈینگی سے 5 اموات ہو چکی ہیں۔

خیبر پختونخوا میں صوبائی حکومت نے ڈینگی کا سی بی سی ٹیسٹ مفت کر دیا۔

پشاور میں سب سے زیادہ 163 نئے ڈینگی کیسز رپورٹ ہونے کے بعد کُل کیسز کی تعداد 734 تک پہنچ گئی، مردان میں ڈینگی کے 60 نئے کیسز سامنے آئے ہیں، جہاں پر کُل کیسز کی تعداد 1 ہزار 591 ہو گئی۔

محکمۂ صحت کا کہنا ہے کہ خیبر میں ڈینگی کے51 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جس کے بعد مجموعی تعداد 666 ہو گئی۔

مردان اور خیبر میں ڈینگی کے بڑھتے ہوئے کیسز کے پیش نظر آئسولیشن وارڈز قائم کیے گئے ہیں۔

محکمۂ صحت کے مطابق مردان کے مختلف مراکز صحت میں 150 بستروں پر مشتمل آئسولیشن وارڈز بنائے گئے ہیں، مردان کی دو تحصیل تخت بھائی اور بابوزئی ڈینگی سے زیادہ متاثرہ ہیں۔

مردان میڈیکل کمپلیکس میں 20 بستروں پر مشتمل3 ڈینگی وارڈز قائم کیے گئے ہیں جبکہ خیبرمیں بھی 50 بستروں پر مشتمل ڈینگی آئسولیشن وارڈز بنائے گئے ہیں۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.