بدھ14؍شوال المکرم 1442ھ26؍مئی 2021ء

کپتانی کا کبھی نہیں سوچا، ٹیم کی قیادت بہترین ہاتھ میں ہے، شان مسعود

پاکستانی کرکٹ ٹیم کے اوپننگ بلے باز شان مسعود نے کہا ہے کہ کپتانی کا کبھی نہیں سوچا، قومی ٹیم کی قیادت بہترین ہاتھ میں ہے۔

پریس کانفرنس کرتے ہوئے شان مسعود کا کہنا تھا کہ انگلینڈ وائٹ بال کی بہترین ٹیم ہے، میں نے انگلینڈ میں کاؤنٹی کھیلی ہے جس سے ان کی صلاحیت کا اندازہ ہوا۔

انہوں نے کہا کہ انگلش ٹیم ہمیں یہاں پر چیلنج کرے گی، ورلڈکپ سے قبل انگلینڈ کے خلاف اچھی تیاری ہوگی۔

اپنی فارم کے بارے میں بات کرتے ہوئے شان مسعود کا کہنا تھا کہ پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) اور انگلش کاؤنٹی میں رنز کرنے سے مجھے اعتماد ملا، مکی آرتھر نے وہاں میری بہت مدد کی۔

انہوں نے بتایا کہ جب مجھے بیٹنگ کرنی ہوتی ہے تو زیادہ میچز کھیلنے میں مزہ آتا ہے۔

انگلینڈ ٹیم کے دورہ پاکستان پر بات کرتے ہوئے شان مسعود نے کہا کہ 17 سال بعد انگلش ٹیم کا آنا خوش آئند ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کے لوگ کرکٹ سے محبت کرتے ہیں، پاکستانی فینز چاہتے ہیں بہترین ٹیمیں پاکستان آئیں۔

پی ایس ایل میں ملتان سلطانز سے کھیلنے پر بات کرتے ہوئے شان مسعود نے کہا کہ ملتان سلطانز کی طرف سے کھیلنے کا تجربہ بہترین تھا۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ میں نے اپنے ساتھی کرکٹرز سے بہت کچھ سیکھا، سیکھنے کا عمل کبھی بھی نہیں رکتا۔

شان مسعود نے اپنی ترجیحات پر بات کرتے ہوئے کہا کہ میرا اگلا ہدف ٹی 20 فارمیٹ کے معیار پر پورا اترنا ہے، مجھے جس نمبر پر بھی موقع ملا پرفارم کرنے کی کوشش کروں گا۔

پاکستانی بیٹر کا کہنا تھا کہ جو ٹیم کی ضرورت ہوگی اس نمبر پر جاکر بہتر کھیل پیش کروں گا، میں کبھی شکوہ نہیں کروں گا کہ مجھے میرے پسند کے نمبر پر نہیں کھلایا گیا۔

انہوں نے کہا کہ اب تک میں جس نمبر پر پرفارم کرنے میں ناکام ہوا وہ میری اپنی غلطیاں تھیں۔

کپتانی سے متعلق سوال کے جواب میں شان مسعود کا کہنا تھا کہ کپتانی کا کبھی نہیں سوچا، قومی ٹیم کی قیادت بہترین ہاتھ میں ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہر کرکٹر چاہتا ہے وہ اپنے ملک کی نمائندگی کرے، جب آپ اتنے میچز کھیلتے ہیں تو آپ پر پریشر نہیں ہوتا۔

ان کا کہنا تھا کہ کوشش ہوگی اپنی جو خامیاں ہیں ان کو کم کروں، کبھی ٹیم میں اتنا مقابلہ ہوتا ہے کہ موقع نہیں مل پاتا، میں ہمیشہ اپنے آپ کو ہر نمبر پر کھیلنے کے لیے تیار رکھتا ہوں۔

شان مسعود نے کہا کہ زندگی میں ہمیشہ چیلنج لیا اور آگے بھی لیتے رہیں گے، میں جب بھی ڈراپ ہوا اپنی غلطی سے ہوا۔

ایک مرتبہ پھر پاک انگلینڈ سیریز کے بارے میں بات کرتے ہوئے شان مسعود کا کہنا تھا کہ یہ سیریز پاکستانی شائقین کے لیے بھی یادگار ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ پی ایس ایل، کاؤنٹی اور نیشنل ٹی ٹوئنٹی کپ طرز کی کارکردگی انگلینڈ کیخلاف بھی دکھانے کی کوشش کروں گا۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.