وفاقی وزیرِ اطلاعات و نشریات شبلی فراز نے کہا ہے کہ ہم سینیٹ انتخابات میں صادق سنجرانی کو جتوانے کے لیے ہر حربہ استعمال کریں گے۔
ان خیالات کا اظہار وفاقی وزیر نے جیونیوز کے پروگرام ’آج شاہ زیب خانزادہ کے ساتھ‘ میں میزبان شاہ زیب خانزادہ کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے کیا۔
شبلی فراز کا کہنا تھا کہ اب ’بائی دا بک‘ نہیں چلیں گے۔ انھوں نے واضح کہا کہ چیئرمین سینیٹ کے حکومتی امیدوار صادق سنجرانی کو جتوانے کے لیے ہر حربہ استعمال کریں گے۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ یہ نہیں ہوسکتا کہ فٹبال میں دوسری ٹیم کو ہاتھ سے بال روکنے کی اجازت ہو اور ہم صرف پاؤں سے کھیل سکتے ہوں۔
خیال رہے کہ اپوزیشن کی جانب سے پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے یوسف رضا گیلانی کو چیئرمین سینیٹ کے لیے امیدوار نامزد کیا گیا ہے۔
دوسری جانب حکومت کی جانب سے موجودہ چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی ہی امیدوار ہیں۔
خیال رہے سینیٹ میں اپوزیشن اتحاد کے اراکین کی تعداد 53 اور حکومتی اتحاد کے اراکین کی 47 ہے، جس سے ظاہری طور پر اپوزیشن امیدوار کی جیت یقینی دکھائی دیتی ہے۔
Comments are closed.