ملکہ الزبتھ کے ڈاکٹروں نے ان کی بگڑتی ہوئی صحت پر تشویش کا اظہار کرتے ہی شاہی خاندان کے تمام افراد ملکہ کے ساتھ وقت گزارنے کے لیے اسکاٹ لینڈ کے بالمورل کیسل میں جمع ہونا شروع ہوگئے تھے لیکن ڈچز آف کارنوال اینڈ کیمبرج کیٹ مڈلٹن اور ان کے تینوں بچوں نے ملکہ کی عیادت کی بجائے ونڈسر میں رہنے کوترجیح دی۔
برطانیہ پر طویل عرصے تک بادشاہی کرنے والی ملکہ الزبتھ 70 سالہ دور حکومت کے بعد جمعرات کو 96 برس کی عمر میں انتقال کر گئی تھیں۔
ملکہ الزبتھ کی صحت کی خرابی کی خبر موصول ہوتے ہی شہزادہ چارلس جو اب بادشاہ بن گئے ہیں اپنی اہلیہ کیملا کے ساتھ فوری اسکاٹ لینڈ کے بالمورل کیسل پہنچ گئے۔
ان کے ساتھ ہی شہزادہ ولیم بھی تمام مصروفیات ترک کرکے لندن سے اسکاٹ لینڈ آگئے لیکن ان کی اہلیہ ڈچز آف کارنوال اینڈ کیمبرج کیٹ مڈلٹن اور ان کے بچے اس موقع پر ان کے ساتھ نہیں بلکہ ایڈیلیڈ کاٹیج میں تھے۔
بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق ڈچز آف کارنوال اینڈ کیمبرج کیٹ مڈلٹن کو اس وقت ونڈسر کیسل سے نکلتے ہوئے دیکھا گیا، وہ اپنے بچوں کو لینے کے لیے اسکول جا رہی تھی جو کہ ونڈسر سے 20 منٹ کی دوری پر واقع ہے۔
کنگسٹن پیلس کے جاری کردہ بیان کے مطابق 8 ستمبر کو پرنس جارج، شہزادی شارلٹ اور پرنس لوئس کے اسکول کا پہلا دن تھا جس کی وجہ سے ڈچز آف کیمبرج کیٹ مڈلٹن اور ان کے تینوں بچے ونڈسر میں ہی رہے۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق شہزادہ ولیم اور کیٹ مڈلٹن گزشتہ ہفتے ہی ونڈسر میں چار بیڈ روم والے ایڈیلیڈ کاٹیج میں منتقل ہوئے تھے تاکہ وہ اپنے بچوں کے نئے اسکول ’لیمبروک ‘ سے قریب رہ سکیں، جو ان کے نئے گھر سے تقریباً 20 منٹ کی دوری پر ہے۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق یہ پہلا موقع ہے جب تینوں شہزادے اور شہزادی ایک ہی اسکول جارہے ہیں۔
دوسری جانب شہزادہ ہیری بھی اہلیہ میگھن کو چھوڑ کر اکیلے ہی اسکاٹ لینڈ پہنچے تھے۔
ڈیوک اور ڈچز آف سسیکس نے جمعرات کی شام لندن میں ویل چائلڈ ایوارڈز میں شرکت کرنا تھی لیکن انہوں نے یہ منصوبہ منسوخ کردیا۔
Comments are closed.