وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ چیئرمین سینیٹ کے انتخاب کے لیے ابھی سے ہمارے سینیٹرز کو آفرز آنا شروع ہوگئی ہیں، مجھے پتا ہے کس سینیٹر کو کیا آفر آئی، پیسہ صرف اسلام آباد نہیں خیبر پختونخوا میں بھی چلا۔
پارٹی ترجمانوں کے اجلاس میں وزیراعظم نے اپوزیشن کے پیسے کے بیانیے کو اُجاگر کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ الیکشن کمیشن کا کردار متنازع رہا، ڈسکہ الیکشن میں بھی الیکشن کمیشن نے یہی کیا۔ گیلانی نے اخلاقیات کی دھجیاں اُڑائیں، قوم ان کی حرکتیں دیکھ رہی ہے۔
چیئرمین سینیٹ کے الیکشنز پر وزیر اعظم نے ترجمانوں کو ٹاسک سونپ دیا۔
وزیر اعظم نے اجلاس سے خطاب کے دوران کہا کہ سینیٹ الیکشن میں ہماری پٹیشنز کو کسی خاطر میں نہیں لایا گیا، نااہل شخص پیسے کے زور پر سینیٹ میں آگیا، اب پیسے کے زور پر منتخب شخص چیئرمین سینیٹ کا خواب دیکھ رہا ہے۔
عمران خان نے کہا کہ کرپشن اور پیسے کا سیاست میں استعمال کا عملی مظاہرہ یوسف رضا گیلانی کی جیت میں دیکھ لیا، کرپٹ ٹولہ کرپٹ شخص کو ایوان بالا کے سب سے بڑے منصب پر منتخب کروانے کے لیے سرگرم ہے۔
وزیراعظم نے ترجمانوں کو ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ پی ڈی ایم کے خلاف مزید فعال ہوں۔
عمران خان نے کہا کہ ہم نے جس خدشے کا اظہار کیا تھا سینیٹ الیکشن میں وہی ہوا، اپوزیشن نے پیسہ چلایا اور وہ اسلام آباد کی سیٹ جیت گئے، ماضی میں بھی یہ لوگ پیسے کے بل بوتے پر ایسا کرتے تھے، یہ پیسے سے پہلے پاور میں آتے ہیں پھر وہی پیسہ خرچ کرتے ہیں۔
Comments are closed.