پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ پی ڈی ایم یہ فیصلہ کرے گی کہ عدم اعتماد کب ہوگا، کہاں ہوگا، اب ہم ساتھ ملکر حملہ بھی کریں گے اور ساتھ ملکر کامیاب بھی ہوں گے، میرے پاس نہ بندوق ہے کہ نہ گولی، نہ کوئی ادارہ میرے ساتھ ہے، عوام اور پارلیمان واحد طاقت ہے جس کے بل بوتے پر ہم ہر مقابلہ کریں گے۔
لاہور میں حمزہ شہباز سے ملاقات کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پی ڈی ایم تمام فیصلے باہمی اتفاق کے ساتھ کر رہی ہے، مہنگائی کے سونامی سے عوام کو نجات دلانا ہماری ترجیحات میں سے ہے، ہم نے سڑکوں پر بھی سیاست کرنا ہے لیکن ہم ایوانوں کو خالی نہیں چھوڑ سکتے۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ نام نہاد اعتماد کے ووٹ پر تین باتیں کہنا چاہتا ہوں، وزیراعظم کا ایوان سے اعتماد کا ووٹ لینا ان کے خوف کی علامت تھا، اعتماد کا ووٹ لینا مذاق تھا، یوں ہی تھا کہ جیسے ایک اکیلا گھوڑا ریس میں دوڑے اور صدر پاکستان نے بھی تسلیم کیا کہ وزیراعظم ایوان کا اعتماد کھوچکے۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے اندر کے خوف سے اعتماد کا ووٹ حاصل کیا، پی ڈی ایم نے ضمنی الیکشن میں اپنی جیت ثابت کردی، ہم نے ثابت کر دیا کہ عوام اور پارلیمنٹ ہمارے ساتھ ہے۔
Comments are closed.