قومی کرکٹ ٹیم کے سابق فاسٹ بولر شعیب اختر نے بھی آسٹریلوی کھلاڑی مارکس اسٹوئنس کو غیر قانونی بولنگ ایکشن کے اشارے پر آڑے ہاتھوں لے لیا۔
سماجی رابطے کی سائٹ ٹوئٹر پر جاری اپنے پیغام میں شعیب اختر کا کہنا ہے کہ انگلینڈ میں دی ہنڈریڈ کرکٹ ٹورنامنٹ کے دوران حسنین کے بولنگ ایکشن کے حوالے سے اسٹوئنس کا اشارہ شرمناک تھا۔
شعیب اختر نے مارکس اسٹوئنس کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ تمہاری ہمت کیسے ہوئی ایسی حرکت کرنے کی اور انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) بھی اس حوالے سے خاموش ہے۔
انہوں نے کہا کہ اگر کسی کھلاڑی کو کلیئر قرار دے دیا جائے تو کسی کو اس طرح کے اشارے کرنے کا حق نہیں ہے۔
یاد رہے کہ دی ہنڈریڈ میں اوول انونسیبل کی جانب سے کھیلتے ہوئے محمد حسنین نے حریف ٹیم سدرن بریو میں کھیلنے والے آسٹریلوی بیٹر مارکس اسٹوئنس کو اپنی تیز گیند بازی سے آؤٹ کیا تھا۔
آسٹریلوی بلے باز مارکس اسٹوئنس نے آؤٹ ہونے کے بعد غیر قانونی ایکشن کا اشارہ کیا تھا۔
واضح رہے کہ بگ بیش لیگ (بی بی ایل) کے گزشتہ سیزن میں محمد حسنین کا بولنگ ایکشن رپورٹ ہوا تھا، تاہم ٹیسٹ کے دوران ہاتھ کا خم مقررہ حد سے زیادہ ہونے پر انہیں بولنگ کرنے سے روک دیا گیا تھا۔
بعدازاں محمد حسنین کے بولنگ ایکشن کو درست کروانے کے لیے اس پر کام کیا گیا اور جون میں دوبارہ ٹیسٹ کے بعد پاکستانی بولر کے بولنگ ایکشن کو کلیئر قرار دے کر انہیں بولنگ کی اجازت دے دی گئی تھی۔
Comments are closed.