کپتان پاکستان کرکٹ ٹیم بابر اعظم نے کہا ہے کہ نیدرلینڈز سے کرکٹ سیریز اس خطے میں کرکٹ کے فروغ کا سبب بنے گی۔
بابر اعظم نے نیدرلینڈز میں ون ڈے سیریز سے متعلق کہا کہ نیدرلینڈز کرکٹ ٹیم کو دو ماہ سے فالو کر رہے ہیں جبکہ میں ان کی کرکٹ سے بہت متاثر ہوا ہوں۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ نیدرلینڈز میں بسنے والے لوگوں کی کرکٹ سے محبت سے متاثر ہوئے ہیں۔
ابتدائی دو میچز میں شاہین شاہ آفریدی کی عدم موجودگی سے متعلق کپتان کا کہنا تھا کہ اہم بولر کی غیر موجودگی نوجوان کھلاڑیوں کے لیے یہ موقع ہے کہ وہ آگے آئیں اور اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوائیں۔
روٹرڈیم کی کنڈیشنز سے متعلق کپتان بابر اعظم کا کہنا تھا کہ یہاں آکر اچھا لگ رہا ہے، یہاں پر مہمان نوازی بہت ہی بہترین ہے اور ہمارا بہترین خیال بھی رکھا جارہا ہے۔
بابر اعظم نے کہا کہ کھلاڑی میچز کو لے کر سکون میں نہیں ہیں جبکہ میدان میں اپنی صلاحیتں دکھانے کے لیے تیار ہیں۔
انہوں نے کہا کہ دونوں ٹیموں کے درمیان میدان میں اچھا مقابلہ ہوگا اور امید ہے کہ شائقین کی بڑی تعداد سیریز دیکھنے کے لیے آئے گی۔
خیال رہے کہ پاکستان اور نیدرلینڈز کے درمیان تین میچوں پر مشتمل سیریز کا پہلا ون ڈے کل روٹرڈیم میں کھیلا جائے گا۔
دونوں ٹیموں کے درمیان دوسرا اور تیسرا میچ بھی اسی میدان میں بالترتیب 18 اور 21 اگست کو کھیلا جائے گا۔
Comments are closed.