بدھ14؍شوال المکرم 1442ھ26؍مئی 2021ء

کراچی والوں کو بڑا جھٹکا ‘ بجلی 11 روپے 10 پیسے فی یونٹ مہنگی

کراچی: کے الیکٹرک صارفین کے لیے بجلی 11روپے 10 پیسے فی یونٹ مہنگی کردی گئی، اضافے کا اطلاق اگست اورستمبر کے ماہ کے بلوں پر ہوگا۔

تفصیلات کے مطابق نیپرا نے کے الیکٹرک صارفین کیلیے بجلی کی قیمت میں 11روپے 10 پیسے فی یونٹ اضافہ کردیا۔اس حوالے سے نیپرا کی جانب سے نوٹی فکیشن جاری کردیا گیا ہے، جس میں بتایا گیا ہے کہ اضافہ جون کی ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں کیا گیا ہے۔

نیپرا کا کہنا ہے کہ جون کی ایڈجسٹمنٹ کے الیکٹرک صارفین سے 2 ماہ میں وصول کی جائے گی، اگست میں صارفین سے 3 روپے 01 پیسہ اور ستمبر میں صارفین سے 8 روپے 09 پیسے چارج کیے جائیں گے۔ نوٹی فکیشن میں کہا گیا ہے کہ اضافے کا اطلاق اگست اورستمبر کے ماہ کے بلوں میں کے الیکٹرک کے تمام صارفین ماسوائے لائف لائن صارفین پر بھی ہوگا۔

خیال رہے کہ کے الیکٹرک نے 11 روپے 39 پیسے فی یونٹ اضافے کی درخواست کی تھی۔گذشتہ روز نیپرا نے وفاقی حکومت کی درخواست پر محفوظ فیصلہ جاری کرتے ہوئے کراچی کے صارفین کیلئے بجلی فی یونٹ 57 پیسے مہنگی کی تھی۔فیصلے کے مطابق کراچی کے صارفین سے اگست، ستمبر اور اکتوبر میں 57 پیسے فی یونٹ اضافہ وصول کیا جائے گا۔

You might also like

Comments are closed.