بدھ14؍شوال المکرم 1442ھ26؍مئی 2021ء

شمالی وزیرستان: فوج کے قافلے پر خودکش حملہ، 4 جوان شہید ہوگئے

شمالی وزیرستان میں فوجی قافلے پر خودکش حملہ ہوا ہے، جس میں پاک فوج کے 4 جوان شہید ہو گئے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق خودکش حملہ میر علی کے علاقے میں ہوا، جس میں 4 سکیورٹی اہلکار شہید ہوئے ہیں۔ آئی ایس پی آر کے مطابق خودکش حملے میں شہید ہونے والے جوانوں میں مانسہرہ کے رہائشی لانس نائیک شاہ زیب، عمر 22 سال، غزر کے رہائشی لانس نائیک سجاد، عمر 26 سال، کوہاٹ کے رہائشی سپاہی عمیر، عمر 25 سال اور نارووال کے رہائشی سپاہی خرم، عمر 30 سال) شامل ہیں۔

آئی ایس پی آر کے مطابق  انٹیلی جنس ایجنسیوں نے خودکش حملہ آور اور اس کے سہولت کاروں کی  تحقیقات شروع کر دی ہیں۔  پاک فوج دہشت گردی کی لعنت کے خاتمے کے لیے پرعزم ہے۔  ہمارے بہادر جوانوں کی ایسی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔

دریں اثنا وزیراعظم شہباز شریف نے شمالی وزیرستان میں میر علی کے علاقے میں فوجی قافلے پر خودکش حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ شمالی وزیرِ ستان میں خودکش حملے کے نتیجے میں 4  جوانوں کی شہادت پر دلی دکھ اور رنج ہوا۔ دہشت گردی کے ناسور کے خاتمے تک پوری قوم متحد ہو کر اس کا مقابلہ کرتی رہے گی۔

وزیراعظم نے کہا ہے کہ دہشت گردوں کے ناپاک عزائم کبھی کامیاب نہ ہو پائیں گے۔ دہشت گردی سے مقابلہ کرتے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے ان جوانوں کو مجھ سمیت پوری قوم خراجِ تحسین پیش کرتی ہے۔ خدا تعالی شہدا کے درجات بلند کریں اور ان کے اہلِ خانہ کو صبرِ جمیل عطا کریں۔

You might also like

Comments are closed.