
ملک بھر میں 9ویں محرم الحرام کے سلسلے میں مجالسِ عزا اور جلوسوں کا اہتمام نہایت عقیدت و احترام کے ساتھ کیا جا رہا ہے۔
کراچی کے علاقے لیاقت آباد سے نو محرم الحرام کا جلوس امام بارگاہ باب فاطمہ سے برآمد ہو گیا، جلوس امام بارگاہ شاہ نجف مارٹن روڈ پر اختتام پذیر ہو گا۔
کراچی میں 9ویں محرم کا مرکزی جلوس نشترپارک سے دوپہر ایک بجے برآمد ہوگا۔
جلوس ایم اےجناح روڈ، صدر ایمپریس مارکیٹ اور تبت سینٹر سے گزرے گا، مرکزی جلوس کھارادر میں حسنینہ ایرانیان امام بارگاہ پر اختتام پذیر ہو گا۔
مرکزی جلوس کے شرکاء امام بارگاہ علی رضا ایم اےجناح روڈ پر نماز ظہرین ادا کریں گے۔
جلوس کی گزرگاہوں پر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں، پولیس اور رینجرز تعینات ہوں گی، نشانہ باز اہلکار بلند عمارتوں پر تعینات ہوں گے جبکہ جلوس کی فضائی نگرانی بھی کی جائے گی، جلوس کی نگرانی کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر سے بھی کی جائے گی۔
کراچی میں جلوس کی گزرگاہوں سمیت مختلف مقامات پر موبائل فون سروس معطل رہی گی۔
مرکزی مجلس سے علامہ شہنشاہ حسین نقوی خطاب کریں گے۔
پشاور میں نویں محرم الحرام کا جلوس امام بارگاہ حسینیہ ہال برآمد ہو گیا، جلوس روایتی راستوں سے ہوتا ہوا حسینیہ امام بارگاہ میں اختتام پذیر ہوگا۔
لاہور میں مرکزی جلوس کچھ دیر بعد پانڈو اسٹریٹ اسلام پورہ سے برآمد ہو گا، مرکزی جلوس نیلی بار بنک،سول سیکرٹریٹ، جین منڈر سے ہوتا ہوا واپس پانڈو اسٹریٹ پرختم ہوگا۔
سی سی پی او لاہور غلام محمود ڈوگر کا کہنا ہے کہ شہر میں آج 378 مجالس اور 79 جلوس برآمد ہوں گے، مرکزی جلوس پانڈو اسٹریٹ سے برآمد ہوگا، جلوسوں اور مجالس کی سیکیورٹی پر 10ہزار سے زائد اہلکار تعینات کیے گئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ مرکزی جلوسوں کی سیف سٹی اتھارٹی اور ضلعی انتظامیہ کے 9 سو سے زائد کیمروں سے مانیٹرنگ کی جائے گی، مرکزی عزاداری جلوسوں کے ڈرون کیمروں سے بھی مانیٹرنگ ہو گی۔
غلام محمود ڈوگر کا کہنا ہے کہ پروگرام آرگنائزرز ضابطہ اخلاق، روٹ اور اوقات کار کی پابندی کریں، یوم عاشور پر مرکزی جلوسوں کے راستوں پر موبائل سروس مخصوص اوقات میں معطل رہے گی، نویں اور دسویں محرم الحرام کے موقع پر ڈبل سواری پر بھی مکمل پابندی ہو گی۔
سی سی پی او لاہور کا یہ بھی کہنا ہے کہ عزاداری جلوسوں کے راستوں کو خاردار تاروں اور بیریئرز کی مدد سے بند رکھا جائے گا، دفعہ 144 کے تحت اسلحہ نمائش پر پابندی ہے اور سخت کارروائی عمل میں لائیں گے۔
جلوس روایتی راستوں سے ہوتا ہوا امام بارگاہ اثناء عشری پر اختتام پذیر ہوگا، جلوس کے راستوں پر 2 ہزار کے قریب پولیس و سکیورٹی اہلکار تعینات کیے گئے ہیں، جلوس کی سکیورٹی کی نگرانی ڈی آئی جی آپریشن اور ڈپٹی کمشنر اسلام آباد کریں گے۔
کوئٹہ میں 9ویں محرم الحرام کا مرکزی جلوس ڈیڑھ بجے میکانگی روڈ سے برآمد ہو گا، جلوس روایتی روٹ سے ہوتا ہوا قریب ہی اختتام پذیر ہوگا۔
ڈی آئی خان میں نویں محرم الحرام کا جلوس مرکزی امام بارگاہ بموں شاہ سے برآمد ہو گیا ہے جو دن ایک بجے مسجد یاعلی پر اختتام پذیر ہو گا۔
Comments are closed.