
طالبان کا کہنا ہے کہ حکومت کو القاعدہ رہنما ایمن الظواہری کے کابل میں داخل ہونے اور رہائش اختیار کرنے سے متعلق کوئی معلومات نہیں تھیں۔
افغانستان میں طالبان حکومت نے امریکا کو خبردار کیا کہ آئندہ افغان سرزمین پر حملہ کرنے سے باز رہے۔
دوحہ میں مقیم اقوام متحدہ کے لیے طالبان کے نمائندہ خصوصی سہیل شاہین نے بیان میں کہا کہ حکومت اور طالبان قیادت کو ایمن الظواہری کے متعلق معلوم نہیں تھا۔
انہوں نے کہا کہ القاعدہ رہنما کی افغانستان میں موجودگی کے بارے میں جو دعوے کیے جارہے ہیں ان کا کوئی ثبوت نہیں ہے۔
طالبان رہنما سہیل شاہین نے مزید کہا کہ ان دعووں کی تحقیقات کی جا رہی ہیں جو مکمل ہونے کے بعد سب کے سامنے رکھی جائیں گی۔
واضح رہے کہ طالبان رہنما اتوار کو ہونے والے ڈرون حملے کے متعلق مکمل خاموشی اختیار کیے ہوئے ہیں، انہوں نے نا ہی ایمن الظواہری کی ہلاکت کی تصدیق کی ہے نا ہی تردید۔
طالبان کی طرف سے کہا گیا ہے کہ اگر ایسے واقعات دوبارہ ہوئے اور افغانستان کی حدود کی خلاف ورزی کی گئی تو کسی بھی قسم کے نتائج کا ذمہ دار امریکا ہوگا۔
Comments are closed.