پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے چارٹر آف ڈیمانڈ اور قرارداد الیکشن کمیشن کو پیش کردی، پی ٹی آئی نے ڈپٹی ڈائریکٹر الیکشن کمیشن آصف اقبال کو قرارداد جمع کروائی۔
تحریک انصاف کی یادداشت میں چیف الیکشن کمشنر اور ممبران سے استعفے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ صوبائی اور وفاقی ایوانوں میں نشستوں کے اعتبار سے پی ٹی آئی سب سے بڑی سیاسی جماعت ہے، الیکشن کمیشن طویل عرصے سے تحریک انصاف کے خلاف امتیازی رویہ اختیار کیے ہوئے ہے۔
یادداشت میں کہا گیا ہے کہ چیف الیکشن کمشنر کا تعصب ان کے فیصلوں اور پالیسیوں سے سامنے آتا ہے، الیکشن کمیشن کے تعصب اور آئین سے روگردانی کی فہرست طویل ہے، 2 اگست 2022 کو ممنوعہ فنڈنگ کے مقدمے کا فیصلہ آئین اور قانون سے مکمل انحراف ہے۔
تحریک انصاف کی یادداشت میں کہا گیا ہے کہ پی ٹی آئی کے خلاف بھرپور انتقامی کارروائی اور حقائق کو یکسر نظر انداز کرنے کی کوشش ہے، کے پی اور پنجاب اسمبلی قراردادوں کی شکل میں عدم اطمینان ظاہر کر چکی ہیں۔
یادداشت میں کہا گیا ہے کہ الیکشن کمیشن کے موجودہ اراکین بلا تاخیر اپنی نشستوں سے مستعفی ہوں، الیکشن کمیشن کی از سر نو تشکیل سے جاری سیاسی عدم استحکام کے خاتمے کا موقع دیں۔
Comments are closed.