پی ٹی آئی سندھ کے صدر و سابق وفاقی وزیر علی زیدی کا کہنا ہے کہ مراد علی شاہ کی دہری شہریت کا معاملہ ابھی تک حل نہیں ہوا، جبکہ فیصل واؤڈا فارغ کر دیے گئے۔
کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے پی ٹی آئی سندھ کے صدر و سابق وفاقی وزیر علی زیدی نے کہا کہ شازیہ مری کا بھی جعلی ڈگری کا کیس کب سے چل رہا ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ فریال ٹالپر اور شازیہ مری پر کیسز ہیں، ان کا فیصلہ نہیں ہوا، الیکشن کمیشن نے یک طرفہ فیصلہ کیا، عدالت کا حکم ہے کہ الیکشن کمیشن تمام جماعتوں کے فیصلے ساتھ سنائے۔
علی زیدی نے کہا کہ ہم الیکشن کمشنر کے خلاف توہینِ عدالت کا مقدمہ کریں گے، وہ اس کے مرتکب ہوئے ہیں، عمران خان کو اس بات کی سزا دینا چاہ رہے ہیں کہ اوور سیز پاکستانی ہمیں پیسے دیتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ جو ملک کا پیسہ چرا کر لے جا رہا ہے وہ وزیرِ اعظم بنا ہوا ہے، الیکشن کمیشن فیل ہو چکا ہے، اتنا متعصب الیکشن کمیشن نہیں دیکھا۔
سابق وفاقی وزیر نے بتایا کہ اوور سیز پاکستانی فیصلے کے بعد عمران خان کو اب مزید کھل کر فنڈنگ کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ الیکشن میں شرجیل میمن 2 ارب روپے اشتہارات پر خرچ کر رہے ہیں۔
علی زیدی نے کہا کہ ہم نے نالے صاف کروا کر ان کے حوالے کیے، ہم بنا کر چھوڑ گئے اور انہوں نے دیکھیں کیا حال کر دیا، آپ ہمارے بارے میں جھوٹ بولنا بند کر دیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ملک میں غربت بڑھ گئی ہے، مڈل کلاس ختم ہو گئی، اس ملک میں اگلا بحران گندم کا آ رہا ہے، پی ڈی ایم کی جماعتوں نے ملک میں تباہی مچا دی ہے۔
پی ٹی آئی سندھ کے صدر و سابق وفاقی وزیر علی زیدی کا یہ بھی کہنا ہے کہ آج شام 4 بجے الیکشن کمیشن کے سامنے پورے ملک میں پرامن احتجاج ہو گا۔
Comments are closed.