بدھ14؍شوال المکرم 1442ھ26؍مئی 2021ء

بلوچستان میں سیلاب سے 10 ہزار گھرجزوی تباہ ہوئے: عبدالعزیز عقیلی

چیف سیکریٹری بلوچستان عبدالعزیز عقیلی نے کہا ہے کہ بارش اور سیلاب سے بلوچستان میں 6077 مکمل اور 10 ہزار سے زائد گھر جزوی طور پر تباہ ہوئے۔

بارشوں اور سیلاب نقصان پر میڈیا بریفنگ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں 16 ڈیمز میں سے کچھ کو زیادہ اور کچھ کو کم نقصان ہوا، بارشوں اور سیلاب سے 2 لاکھ ایکڑ سے زائد اراضی پر فصلوں اور باغات کو نقصان ہوا۔

چیف سیکریٹری بلوچستان عبدالعزیز عقیلی نے کہا ہے کہ بلوچستان میں حالیہ بارشوں کے دوران 2400 سولر پینلز کو شدید نقصان پہنچا، رواں مون سون سیزن کے دوران 500 فیصد زیادہ بارشیں ہوئی ہیں۔

عبدالعزیز عقیلی نے کہا کہ بارشوں اور سیلابی صورتِ حال سے 10 اضلاع زیادہ متاثرہ ہوئے ہیں، کیچ ندی میں مشکل صورتِ حال کو کنٹرول کیا گیا، بلوچستان میں حالیہ بارشوں سے 111 اموات ہوئی ہیں۔

اُنہوں نے بتایا کہ بارشوں کے امکانات کے بعد سے متعلقہ محکوں میں ملازمین کی چھٹیاں منسوخ کی ہیں، بلوچستان میں اب تک سیلابی پانی میں گھرے 17000 افراد کو ریسکیو کیا گیا جبکہ 2000 مزید افراد کو ریسکیو کرنے کے لیے آپریشن جاری ہے۔

چیف سیکریٹری بلوچستان نے بتایا کہ بلوچستان میں ریسکیو اور ریلیف کے کاموں میں پاک فوج، ایف سی اور سول ادارے کام کر رہے ہیں، صوبے میں بارشوں اور سیلابی ریلوں سے 650 کلو میٹر سڑکیں متاثر ہوئیں۔

اُن کا مزید کہنا ہے کہ کراچی شاہراہ ہیوی ٹریفک کے لیے بند ہے، عوام چند روز تک غیر ضروری سفر نہ کریں، بارشوں سے کئی متاثرہ جگہوں تک رسائی میں مشکلات پیش آ رہی ہیں۔

عبدالعزیز عقیلی نے یہ بھی بتایا ہے کہ ریسکیو اور ریلیف کی کارروائیوں میں فوج، ایف سی اور سول ادارے حصہ لے رہے ہیں۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.