مرغی کے انڈوں کے دھوکے میں گولف بالز نگلنے والے سانپ کی جان ریسکیو اہلکاروں نے بچا لی۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ فیس بُک پر امریکی فلاحی ادارے ناردن کولوراڈو وائلڈ لائف سینٹر نے پوسٹ شیئر کرتے ہوئے بتایا ہے کہ واقعے کی خبر ملتے ہی ان کی ٹیم جائے وقوع پر فوری پہنچ گئی اور طبی امدادی کارروائی کا آغاز کر دیا۔
انہوں نے بتایا کہ اس طرح کے واقعات شازونادر ہی پیش آتے ہیں، یہ سانپ ’بُل اسنیک‘ کہلاتا ہے، جس نے مرغی کے ڈربے میں انڈوں کے دھوکے میں دو گولف بالز نگل لی تھی۔
وائلڈ لائف سینٹر کی جانب سے شیئر کی گئی تصاویر میں دیکھا جاسکتا ہے کہ بالز نگلنے کی وجہ سے سانپ کی گردن کا کچھ حصہ پھولا ہوا ہے جس سے اسے نہ صرف رینگنے میں مشکلات کا سامنا تھا بلکہ گولف بالز پیٹ میں اٹکنے سے اس کی جان کو بھی خطرہ لاحق تھا۔
وائلڈ لائف سینٹر کی بروقت طبی امداد سے اس سانپ کی جان بچا لی گئی۔
واضح رہے کہ جان لیوا سمجھے جانے والے یہ سانپ ہمارے ماحولیاتی نظام میں توازن برقرار رکھنے میں انتہائی اہم کردار ادا کرتے ہیں۔
سانپ کی کُل 3500 اقسام ہیں جن میں سے صرف 600 اقسام کے سانپ زہریلے ہوتے ہیں۔
Comments are closed.