وزیر داخلہ پنجاب عطا تارڑ نے کہا ہے کہ عمران خان کو مرضی کے فیصلے کروانے کی عادت پڑ گئی ہے۔
لبرٹی چوک لاہور میں ن لیگ کے مظاہرے سے خطاب میں عطا اللّٰہ تارڑ نے کہا کہ آپ نے اس ملک میں انصاف کا دوہرا معیار دیکھا۔
انہوں نے کہا کہ ہماری پوری قیادت کو جیل میں ڈالا گیا، پوچھتا ہوں کیا کوئی کرپشن نکلی؟ نواز شریف کا چٹانوں جیسا حوصلہ ہے، وہ برداشت کر گیا۔
وزیر داخلہ پنجاب نے مزید کہا کہ آج فرح گوگی کہاں ہے؟ وہ دبئی بھاگ گئی ہے، عمران خان کی کچھ مجبوریاں ہیں وہ جیل نہیں کاٹ سکتا۔
اُن کا کہنا تھا کہ عمران نیازی کو جیل کی سلاخوں کے پیچھے بھیج کر دم لیں گے، دراصل چیئرمین پی ٹی آئی کو عادت پڑگئی ہے مرضی کے فیصلے کروانے کی۔
عطا تارڑ نے یہ بھی کہا کہ ہمارے 25 لوگوں کو ڈی سیٹ کریں تو ٹھیک ہے، ہمارے لیے قانون اور ہے اور لاڈلے کے لیے قانون اور ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم فیصلہ فل کورٹ کا مانیں گے، ورنہ نہیں مانیں گے، جب پارلیمانی پارٹی اجلاس نہ ہو تو پھر پارٹی کا صدر فیصلہ کرسکتا ہے۔
وزیر داخلہ پنجاب نے کہا کہ حمزہ شہباز وزیراعلیٰ تھے، وزیراعلیٰ ہیں اور وزیراعلیٰ رہیں گے۔
Comments are closed.