بدھ14؍شوال المکرم 1442ھ26؍مئی 2021ء

‎وزیراعلیٰ پنجاب کے معاملے پر فل کورٹ بینچ بنایا جائے، حکمران اتحاد کا مطالبہ

مسلم لیگ ن، پیپلز پارٹی اور جے یو آئی ف سمیت دیگر جماعتوں پر مشتمل حکمران اتحاد نے‎ مشترکہ و متفقہ اعلامیہ جاری کرتے ہوئے چیف جسٹس پاکستان سے مطالبہ کیا ہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کے انتخاب سے متعلق مقدمے کی سماعت فل کورٹ کرے۔

حکمران اتحاد کی جانب سے جاری مشترکہ متفقہ اعلامیے میں چیف جسٹس پاکستان سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ سپریم کورٹ بار کی نظرِ ثانی درخواست، موجودہ درخواست، دیگر متعلقہ درخواستوں کو ایک ساتھ سماعت کے لیے مقرر کیا جائے کیونکہ یہ بہت اہم قومی، سیاسی اور آئینی معاملات ہیں۔

مشترکہ اعلامیے میں کہا گیا کہ عمران خان بار بار سیاست میں انتشار پیدا کر رہا ہے، عمران خان کے انتشار کا مقصد احتساب سے بچنا، اپنی کرپشن چھپانا اور چور دروازے سے اقتدار حاصل کرنا ہے۔

اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ آئین نے مقننہ، عدلیہ اور انتظامیہ میں اختیارات کی واضح لکیر کھینچی ہوئی ہے، ایک متکبر آئین شکن فسطائیت کا پیکر اختیارات کی لکیر کو مٹانےکی کوشش کر رہا ہے، عمران خان آئین پاکستان، عوام کے حق حکمرانی اور جمہوری نظام کو بھی معیشت کی طرح دیوالیہ کرانا چاہتا ہے۔

حکمران اتحاد کے اعلامیے میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ عمران خان کی سوچ اور رویہ پاکستان کے ریاستی نظام کےلیےدیمک بن چکا ہے، حکمران اتحادی اس عزم کا اعادہ کرتے ہیں کہ آئین، جمہوریت اور عوام کے حق حکمرانی پر ہر گز کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔

مشترکہ اعلامیے میں مزید کہا گیا کہ ہر فورم اور ہر میدان میں تمام اتحادی جماعتیں مل کر آگے بڑھیں گی، تمام اتحادی جماعتیں فسطائیت کے سیاہ اندھیروں کا ڈٹ کر مقابلہ کریں گی۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.