وزیر اعظم شہباز شریف کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا جس میں اہم فیصلوں کی منظوری دی گئی۔
اس حوالے سے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے امریکی ڈالر کے ریٹ میں اضافے پر کابینہ کو بریفنگ دی اور بتایا کہ ڈالر کی قیمت کم کرنے کے لیے تمام ضروری اقدامات کیے جارہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ رواں مالی سال میں گزشتہ سال کی نسبت اقتصادی ترقی کی شرح بہتر رہے گی۔
وفاقی کابینہ نے آفتاب سلطان کی بطور چیئرمین نیب تعیناتی کی منظوری دے دی۔
اجلاس کو بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ چیئرمین نیب کی تقرری کی مدت 3 سال کردی گئی ہے، چیئرمین نیب کی مدت کی میعاد بڑھائی نہیں جاسکتی۔
کابینہ نے افغان ٹرانزٹ ٹریڈ کے لیے ملٹی ماڈل ایئر روڈ کوریڈور کی منظوری دے دی جبکہ پاک ترکیہ (ترکی) ٹریڈ اِن گڈز معاہدے پر دستخط کرنے کی بھی منظوری دے دی گئی۔
اجلاس کے دوران بتایا گیا کہ ترکیہ پاکستان کو 261 ٹیرف لائنز پر رعایت فراہم کرے گا، جس میں 123 اشیاء پر زیرو ریٹنگ بھی شامل ہے۔
اس میں یہ بھی بتایا گیا کہ پاکستان کی ترکیہ کو 130 ٹیرف لائنز پر رعایت کی پیشکش کی گئی ہے۔
اعلامیے کے مطابق وفاقی کابینہ نے افغانستان میں پاکستانی اسپتالوں کے لیے افغان حکومت کو فنڈ منتقلی کی منظوری دے دی۔
کابینہ نے فیصلہ کیا کہ بابر یعقوب فتح محمد کے استعفیٰ کے بعد فیڈرل لینڈز کمیشن کے نئے چیئرمین کی تعیناتی کا فیصلہ کابینہ کمیٹی کرے گی۔
Comments are closed.