بدھ14؍شوال المکرم 1442ھ26؍مئی 2021ء

حکومتی درخواست پر نیپرا کی سماعت مکمل، فیصلہ محفوظ

نیپرا نے وفاقی حکومت کے بجلی کے بنیادی ٹیرف میں 7 روپے 91 پیسے فی یونٹ اضافے کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کر لیا۔

نیپرا کے مطابق اتھارٹی ڈیٹا کی مزید جانچ پڑتال کے بعد اپنا تفصیلی فیصلہ جاری کرے گی۔

نیپرا میں بجلی کے بنیادی ٹیرف میں اضافے کی درخواست پر سماعت ہوئی، جس کی صدارت چیئرمین نیپرا توصیف ایچ فاروقی کی۔

نیپرا حکام کے مطابق وفاقی حکومت نے یکم جولائی سے ساڑھے 3 روپے فی یونٹ، یکم اگست سے مزید فی یونٹ ساڑھے 3 روپے، یکم اکتوبر سے فی یونٹ مزید 91 پیسے فی یونٹ اضافے کی درخواست کی ہے۔

دورانِ سماعت پاور ڈویژن کے حکام نے بتایا کہ وفاقی حکومت رواں مالی سال بجلی صارفین کو 223 ارب روپے سبسڈی دے گی، 50 فیصد سے زائد چھوٹے بجلی صارفین کے لیے بجلی مہنگی نہیں ہو گی۔

چیئرمین نیپرا نے کہا کہ نیپرا نے تو ٹیرف کی منظوری دینی ہے، کس کو کتنی سبسڈی دینی ہے یہ وفاقی حکومت کا کام ہے، نیپرا نے کوئی الیکشن نہیں لڑنا، نیپرا نے تو درخواست پر فیصلہ کرنا ہے۔

سماعت کے دوران نمائندہ کراچی چیمبر تنویر باری نے کہا کہ بجلی آئی ایم ایف کی خواہش پر مہنگی کی جا رہی ہے، بجلی کی قیمت میں اس اضافے کو روکا جائے، پہلے ہی فیول ایڈجسٹمنٹ بہت ہے، اس طرح تو بجلی فی یونٹ 50 روپے تک پہنچ جائے گا۔

چیئرمین نیپرا نے کہا کہ یہ معاملات اتھارٹی کے بس کے نہیں، حکومت نے ملک بھر کے لیے بجلی کے بنیادی ٹیرف میں 7 روپے 91 پیسے فی یونٹ اضافہ مانگا ہے۔

توصیف ایچ فاروقی کا کہنا ہے کہ نیپرا نے بجلی کے ٹیرف کا تعین 200 روپے فی ڈالر ایکسچینج پر نکالا تھا، اس وقت ڈالر 222 روپے پر پہنچ چکا ہے، روپے کی قدر میں کمی سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ سے مزید منہگی بجلی کا باعث بن سکتی ہے۔

نیپرا حکام نے کہا کہ تمام ٹیکسز سمیت فی یونٹ بجلی اس وقت 27 روپے سے زائد میں پڑ رہی ہے، بنیادی ٹیرف میں اضافے کے بعد فی یونٹ بجلی ٹیکسوں سمیت 40 روپے تک جاسکتی ہے۔

نیپرا میں بجلی کے بنیادی ٹیرف میں اضافے کی حکومتی درخواست پر سماعت مکمل ہوگئی جس کا فیصلہ بعد میں جاری ہوگا۔

نیپرا کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق ڈسکوز اور کے الیکٹرک کے یکساں ٹیرف کی وفاقی حکومت کی درخواست پر عوامی سماعت مکمل ہو گئی ہے۔

نیپرا نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت نے بنیادی ٹیرف میں7 روپے 91 پیسے فی یونٹ اضافے کی درخواست کی ہے، بنیادی ٹیرف میں7 روپے91 پیسے فی یونٹ کے 3 مراحل میں اضافے کی درخواست ہے، وفاقی حکومت نے جولائی کے لیے 3 روپے50 پیسے فی یونٹ اضافے کی درخواست کی ہے، اگست اور ستمبر میں بھی 3 روپے 50 پیسے فی یونٹ اضافے کی درخواست کی گئی ہے۔

نیپرا کے اعلامیے کے مطابق اکتوبر میں 91 پیسے فی یونٹ اضافے کی درخواست کی گئی ہے، لائف لائن اور پروٹیکٹڈ کیٹیگری صارفین پر یہ اضافہ لاگو نہیں ہوگا، اتھارٹی ڈیٹا کی مزید جانچ پڑتال کے بعد اپنا تفصیلی فیصلہ جاری کرے گی۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.