بدھ14؍شوال المکرم 1442ھ26؍مئی 2021ء

زین قریشی اور ن لیگی امیدوار نے ایک ساتھ نتیجہ دیکھا

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما اور شاہ محمود قریشی کے بیٹے زین حسین قریشی غیر حتمی غیر سرکاری نتیجے کے مطابق ملتان کے حلقے پی پی 217 سے کامیاب ہوئے۔

زین قریشی اور مسلم لیگ (ن) کے سلمان نعیم نے نتائج الیکشن آفس میں ایک ساتھ دیکھے ہیں،ملتان سے سیاست کے لیے قابل تقلید مثال سامنے آ گئی۔

اس موقع پر زین حسین قریشی نے جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یہ عمران خان کے بیانیہ کی جیت ہے، ٹرن آؤٹ بہت اچھا رہا جو تقریبا 42 فیصد تھا۔

ضمنی الیکشن کا سب سے بڑا دنگل تحریک انصاف کے زین قریشی نے جیت لیا، لیکن دل سلمان نعیم نے جیت لیے۔

زین قریشی کی فتح پر سلمان نعیم نے انھیں کھلے دل سے مبارک باد دی، مُسکرا کر ان سے مصافحہ کیا، زین قریشی نے بھی خوش دلی سے ان کی مبارک باد وصول کی۔

ملتان کے حلقہ پی پی 217 کے تمام 124 پولنگ اسٹیشنز کے غیر سرکاری غیر حتمی نتیجے کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے زین حسین قریشی نے 46963 ووٹ لیے۔ 

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سلمان نعیم نے 40 ہزار 104 ووٹ حاصل کیے۔

واضح رہے کہ پنجاب کے 20 حلقوں کے ضمنی انتخابات میں غیر حتمی و غیر سرکاری نتیجے کے مطابق  پی ٹی آئی 16نشستوں پر آگے جبکہ مسلم لیگ ن 3 نشستوں کے ساتھ دوسرے نمبر پر موجود ہے، ایک نشست پر آزاد امیدوار آگے ہے۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.