
کراچی سے بذریعہ بس مظفر گڑھ جانے والی ایک خاتون کے ہاں دوران سفر بچے کی پیدائش ہوئی ہے، موٹر وے پولیس نے زچہ و بچہ کی جان بچانے میں اہم کردار ادا کیا۔
ترجمان موٹر وے پولیس کے مطابق ایک خاتون صالحہ بی بی اپنے شوہر محمد عثمان کے ہمراہ کراچی سے بس نمبر ایچ ایچ ایس 224 میں اپنے آبائی گھر مظفر گڑھ جا رہی تھی کہ حیدرآباد عبور کرنے کے بعد حاملہ خاتون کو لیبر پین شروع ہوگئے۔
خاتون کے شوہر عثمان نے فوری طور پر موٹر وے پولیس کی ہیلپ لائن 130 پر کال کرکے مدد کی درخواست کی۔
ترجمان موٹر وے کے مطابق نیشنل ہائی وے پر گشت پر مامور موٹر وے پولیس کے عملے نے مسافر کی لوکیشن کے ذریعے سعید آباد کے قریب بس کو روک لیا۔
موٹر وے پولیس نے حاملہ مسافر خاتون کو اپنی گاڑی میں اس کے شوہر کے ہمراہ فوری طور پر قریبی تعلقہ اسپتال پہنچایا جہاں خاتون نے بچے کو جنم دیا۔
موٹر وے پولیس کے اس بر وقت اقدام سے حاملہ خاتون اور بچے کی جان بچ گئی، میاں بیوی کی جانب سے موٹر وے پولیس کے اس اقدام اور فوری مدد کو سراہا گیا ہے۔
Comments are closed.