سینیٹ الیکشن 2021ء میں سب کی نظریں اسلام آباد کی جنرل نشست پر لگ گئیں۔
جنرل نشست پر وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں حکمران اتحاد کے وفاقی وزیر خزانہ عبدالحفیظ شیخ اور اپوزیشن اتحاد کے سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کے درمیان ون ٹو ون مقابلہ ہے۔
سینیٹ الیکشن اور اس کے سب سے بڑے مقابلے سے قبل ہی ہر طرف ہلچل مچ گئی ہے۔
پی ٹی آئی کے عبدالحفیظ شیخ کی حمایت میں متحدہ قومی موومنٹ، گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس، ق لیگ اور بی اے پی سامنے آگئیں۔
دوسری طرف سے اپوزیشن اتحاد (پی ڈی ایم) کے مشترکہ امیدوار کی کامیابی کی لابنگ کے لیے حزب اختلاف کے بڑے میدان میں متحرک ہیں۔
بلاول بھٹو زرداری، آصف علی زرداری، سابق وزرائے اعظم شاہد خاقان عباسی، راجا پرویز اشرف اور پی ڈی ایم سربراہ مولانا فضل الرحمٰن اپنے امیدوار کی کامیابی کے لیے زور لگارہے ہیں۔
یوسف رضا گیلانی کی کامیابی کے لیے اپوزیشن اتحاد ہر رکن قومی اسمبلی سے تک پہنچ رہی ہے، ایک ایک ووٹ کو اہمیت دے رہی ہے، یہی وجہ ہے کہ سینیٹ کی اس ایک نشست پر صورتحال کافی دلچسپ ہوتی جارہی ہے۔
حکومتی اتحاد کے پاس 181 ارکان کی تعداد موجود ہے تاہم آج کے وزیراعظم عمران خان کے ظہرانے میں 176 ارکان نے شرکت کی۔
دوسری طرف اپوزیشن کے پاس 160 ارکان موجود ہیں جبکہ سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد سینیٹ الیکشن کے لیے ووٹنگ خفیہ بیلٹ کے ذریعے ہی ہوگی۔
Comments are closed.