وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی شہباز گل نے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن یوسف رضا گیلانی کے بیٹے کی ووٹ خریدنے کی ویڈیو سامنے آنے کے بعد ایکشن لے۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب میں شہباز گل نے کہا کہ یوسف رضا گیلانی کے بیٹے کی ووٹ خریدتے ہوئے وڈیو سامنے آنے کے بعد الیکشن کمیشن کو ایکشن لینا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ یوسف رضا گیلانی کے پاس الیکشن لڑنے کا اب کوئی اخلاقی جواز نہیں بچتا، حکومتی وفد الیکشن کمیشن کو تحریری درخواست دے گی کہ گیلانی کو نااہل قرار دیا جائے۔
وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی نے مزید کہا کہ آج سامنے والی ویڈیو شرمناک ہے، اس ویڈیو نے ثابت کیا کہ خرید و فروخت لگا تار چل رہی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن ویڈیو پر فوری ایکشن لے، یوسف رضا گیلانی کو نا اہل قرار دیا جائے، ہمارا وفد کچھ دیر میں الیکشن کمیشن پہنچ جائے گا۔
شہباز گل نے یہ بھی کہا کہ گیلانی صاحب کے صاحبزادے نے گل کھلایا، کرپشن کی ویڈیو سامنے آگئی، ویڈیو ظاہر کرتی ہے مافیاز کس طرح متحرک ہیں، وڈیو نے ثابت کردیا ہے کہ خرید و فروخت ہورہی ہے، مطالبہ کرتے ہیں کہ اس مافیا کو نکیل ڈالی جائے، یہ مافیا ہے، ارکان اسمبلی کو اس مافیا سے جان کا خطرہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ نے واضح کہا کہ اس لوٹ مار کو روکا جائے، الیکشن کمیشن نے کہا کہ وقت درکار ہے ابھِی نہیں ہوسکتا، افسوس ہے الیکشن کمیشن نے سپریم کورٹ کے فیصلے پر عملدرآمد نہیں کیا۔
شہباز گل نے یہ بھی کہا کہ سپریم کورٹ نے بھی کہا ووٹ کا دائمی خفیہ رہنا ضروری نہیں، الیکشن کمیشن سے ہر طرح کی معاونت کے پابند ہیں، سپریم کورٹ کے فیصلے پر من و عن عمل درآمد کیا جائے۔
Comments are closed.