بدھ14؍شوال المکرم 1442ھ26؍مئی 2021ء

برہان وانی جیسے شیر بیٹوں کو کوئی فوج غلام نہیں بنا سکتی، وزیراعظم

وزیراعظم شہبازشریف کا برہان مظفر وانی کے یوم شہادت پر کہنا ہے کہ تعلیم سے محبت کرنے والے نوجوان برہان کو قابض بھارتی فوج نے ناحق ستایا، جس قوم میں برہان وانی جیسے شیر بیٹے ہوں، اسے دنیا کی فوج غلام نہیں بنا سکتی۔

وزیراعظم شہباز شریف نے شہید برہان مظفر وانی کے یوم شہادت کے موقع پر خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کشمیریوں کی جرأت مندانہ جدوجہد کو سلام پیش کیا ہے۔

وزیراعظم نے کہا ہے کہ برہان وانی بھارتی غاصبانہ قبضے کے خلاف کشمیریوں کی جرأتمندانہ مزاحمت کااستعارہ بن چکے ہیں، بہادر کشمیری اپنی آزادی اور بھارت کے ناجائز قبضے کے خلاف دہائیوں سے جدوجہد کر رہے ہیں۔

وزیراعظم شہباز شریف نے مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ اقوامِ متحدہ سلامتی کونسل کی قرار دادوں پر عمل کرائے، عالمی برادری مقبوضہ کشمیر کے عوام کی خواہشات کے مطابق مسئلہ کشمیر حل کرائے۔

وزیراعظم شہباز شریف کا یہ بھی کہنا ہے کہ پاکستان اپنے کشمیری بھائیوں بہنوں کی جدوجہد کی ہر ممکن حمایت کرتا رہے گا۔

برہان وانی کی جرأت و بہادری کو کشمیری عوام کبھی فراموش نہیں کریں گے۔

دوسری جانب ترجمان دفترِ خارجہ کی جانب سے بھی برہان مظفر وانی کے یومِ شہادت پر بیان جاری کیا گیا ہے۔

ترجمان دفترِ خارجہ کا کہنا ہے کہ آج کشمیری نوجوان رہنما برہان مظفر وانی کی شہادت کی چھٹی برسی ہے، حقِ خودارادیت کے لیے برہان وانی کی جدوجہد اور قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں، برہان وانی کشمیر کی آزادی کی تحریک کا روشن باب تھے۔

ترجمان دفترِ خارجہ نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ بھارت طاقت کے اندھا دھند استعمال، کشمیریوں کو مسلسل نشانہ بنانے سے باز رہے، عالمی برادری اقوام متحدہ کی قرار دادوں کے مطابق مسئلہ کشمیر کے حل میں کردار ادا کرے۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.