کراچی میں کشمیر روڈ پر واقع آگ سے متاثرہ عمارت رہائش کے لیے کلیئر قرار دے دی گئی، این ای ڈی یونیورسٹی نے عمارت کے مکمل جائزے کے بعد رپورٹ جمع کروا دی۔
این ای ڈی یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر سروش حشمت لودھی کا کہنا ہے کہ اچھی بات یہ ہے عمارت کی بنیاد متاثر نہیں ہوئی۔
ڈاکٹر سروش حشمت لودھی کا کہنا ہے کہ این ای ڈی کا کردار اس معاملے میں ٹیسٹنگ لیبارٹری کا ہے، بیسمنٹ کے بیم، کالم، سلیب اور بنیاد کی ٹیسٹنگ کرکے رپورٹ سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی (ایس بی سی اے) کو بھیج دی۔
انہوں نے کہا کہ آگ سے جو کالم متاثر ہوئے ہیں ان کی قوت آدھی رہ گئی ہے، ٹیسٹنگ کے بعد اب انجینئر کالمز کی قوت دوبارہ 100 فیصد کرنے پر کام کر رہے ہیں، کالمز میں جو بھی خرابی آئی ہے اسے دور کیا جائے گا اور اس کی تکنیک موجود ہیں۔
وائس چانسلر این ای ڈی یونیورسٹی کا کہنا ہے کہ عمارت کی مرمت کا کام 3 سے 4 ماہ میں مکمل ہوسکتا ہے، آگ کے بعد کی صورتحال کی وجہ سے نمونے لینے میں 8 دن لگے، مرمت کے بعد عمارت رہائش کے قابل ہوجائے گی۔
صوبائی وزیر اور چیئرمین سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی ناصر حسین شاہ نے جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عمارت کے مکینوں کی مشکلات کا احساس ہے، کمیٹیاں بنا دی گئی ہیں جلد مسئلہ حل ہو جائے گا۔
Comments are closed.