وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے کہا ہے کہ ملک کو معاشی بحران میں دھکیلنے میں عمران خان اور نیب بھی ذمہ دار ہے۔
چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے اعظم نذیر تارڑ کا کہنا تھا کہ عمران خان کا بیان جھوٹ کا پلندہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ نیب ترامیم عمران خان کا اپنا قانون تھا، 80 فیصد ترامیم ان کی لائی ہوئی ہیں۔ یہ وہ ترامیم ہیں جو عمران خان نے آرڈیننس سے نافذ کی تھیں، موجودہ حکومت نے ان ترامیم کو پارلیمنٹ میں قانون کی شکل دی ہے۔
اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ تمام ترامیم آئین اور قانون کے عین مطابق ہیں، عمران خان عدالت سے رجوع کرچکے، سیاسی بیان بازی کے بجائے فیصلہ عدالت پر چھوڑیں۔
وزیر قانون کا کہنا تھا کہ ہم ان ترامیم کا عدالت میں پورا دفاع کریں گے، ترامیم اسلامی شریعت، آئین اور پاکستانی قوانین کے مطابق ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہم نے سرکاری ملازمین کو تحفظ دیا تاکہ نیب کی بلیک میلنگ کے بغیر خدمت کرسکیں، صرف ایل این جی اور پیٹرولیم شعبے میں نیب کی وجہ سے اربوں ڈالر کا ٹیکہ لگا۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ کئی کئی سال سے یہ عدالتی فیصلے تھے جن کی روشنی میں یہ ترامیم کی گئیں، سپریم کورٹ کے بینچ نے لکھا کہ نیب سیاسی انتقام کے لیے استعمال ہوتا ہے۔
وزیر قانون نے مزید کہا کہ چیف جسٹس نے فل کورٹ ریفرنس میں کہا تھا نیب قوانین کا غلط استعمال ہوا، ہم نے ترامیم کرکے قانون کے غلط استعمال کو روک دیا ہے۔
Comments are closed.