بدھ14؍شوال المکرم 1442ھ26؍مئی 2021ء

کسی بھی حریف کو آسان نہیں سمجھتے، بابر اعظم

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کی فرنچائز کراچی کنگز کے سینئر کھلاڑی بابر اعظم نے کہا ہے کہ کسی بھی حریف کو آسان نہیں سمجھتے، ہر میچ کے حوالے سے علیحدہ طریقے سے سوچنا پڑ رہا ہے۔

ملتان سلطانز کے خلاف کامیابی سمیٹنے کے بعد بابر اعظم نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ گزشتہ میچ کی پارٹنر شپ سے کھلاڑیوں کا حوصلہ بڑھا ہے۔

انھوں نے کہا کہ شرجیل خان نے عمدہ اننگز کھیلی، اس وقت کراچی کنگز نے 20 رنز کم اسکور کیے تھے۔

بابر اعظم کا کہنا تھا کہ مثبت انداز سے حالات کے مطابق کرکٹ کھیلی ہے۔

انھوں نے یہ بھی کہا کہ میچ فنشر بننے سے حوصلہ بڑھ جاتا ہے۔

ملتان سلطانز کی جانب سے دیا گیا 196 رنز کا ہدف کراچی کنگز نے 19ویں اوور میں ہی حاصل کرلیا۔

بابر اعظم نے اعتراف کیا کہ وکٹ پر بولنگ زیادہ بہتر ثابت نہیں ہورہی ہے۔

کراچی کنگز کے ساتھ اپنی وابستگی سے متعلق بابر اعظم کا کہنا تھا کہ پانچواں سال ہے کہ کراچی کنگز کے ساتھ ہوں۔

اسٹیڈیم میں تماشائیوں کی آمد سے متعلق بابر اعظم نے کہا کہ خوشی ہے کہ 50 فیصد شائقین کو میچ دیکھنے کی اجازت ملی ہے۔

انھوں نے کہا کہ جب زیادہ تعداد میں شائقین آئیں گے تو ہمیں بھی مزہ آئے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ کسی بھی ٹیم کو آسان حریف نہیں سمجھتے ہیں، ہر میچ کے حوالے سے علیحدہ طریقے سے سوچنا پڑ رہا ہے۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.