وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان نے کہا ہے کہ 27 فروری 2019ء کو پاک فضائیہ کے شاہینوں نے بھارت کا غرور خاک میں ملایا۔
جام کمال خان نے بھارتی طیارے گرانے کے 2 برس مکمل ہونے کے موقع پر جاری کیے گئے اپنے بیان میں کہا کہ پاک فضائیہ کے شاہینوں کی بہادری کو خراج تحسین پیش کرتے رہیں گے۔
اُنہوں نے کہا کہ ملک کے ناقابل تسخیر دفاع میں پاکستان فضائیہ کا کردار انتہائی اہم ہے۔
جام کمال خان کا مزید کہنا تھا کہ ہماری افواج نے جرات مندی اور پیشہ ورانہ مہارت سے دشمن کو ہر محاذ پر شکست دی۔
واضح رہے کہ 27 فروری 2019 کو پاکستانی فوج کے بیان کے مطابق پاکستانی فضائیہ نے پاکستان کی فضائی حدود کی خلاف ورزی کرنے والے بھارتی فورسز کے 2 لڑاکا طیاروں کو مار گرایا تھا تاہم بھارت صرف ایک جہاز گرنے کی تصدیق کرتا ہے۔
اس روز کے واقعات پر پاکستانی فوج کے ترجمان نے بتایا تھا کہ فضائی حدود کی خلاف ورزی پر دونوں طیاروں کو مار گرایا، جس میں سے ایک کا ملبہ پاکستان کے زیر انتظام کشمیر جب کہ دوسرے کا ملبہ بھارت کے زیر انتظام کشمیر میں گرا تھا۔
ترجمان نے کہا تھا کہ بھارتی طیاروں کو مار گرانے کے ساتھ ساتھ ایک بھارتی پائلٹ ونگ کمانڈر ابھی نندن کو بھی گرفتار کیا گیا۔
تاہم یکم مارچ کو گرفتار کیے گئے بھارتی پائلٹ ابھی نندن کو تمام کاغذی کارروائی کے بعد واہگہ بارڈر پر بھارتی حکام کے حوالے کر دیا گیا تھا۔ ابھی نندن کی رہائی سے متعلق وزیراعظم عمران خان نے قومی اسمبلی میں خطاب کے دوران اعلان کیا تھا۔
Comments are closed.