پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما محمد زبیر کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی کے ایم این ایز پتہ کرلیں کہ حفیظ شیخ ہیں کون؟ حفیظ شیخ کے تمام اثاثے ملک سے باہر ہیں۔ حفیظ شیخ پی ٹی آئی کے رکن نہیں، انہوں نے رکنیت کا فارم نہیں بھرا، جس دن پی ٹی آئی کی حکومت جائے گی حفیظ شیخ ملک سے چلے جائیں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ گاڑی پر جھنڈا نہ لگا ہو تو حفیظ شیخ پاکستان میں نہیں رہتے۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے محمد زبیر نے کہا کہ قرضے لینے پر انکوائری ن لیگ کی نہیں پی ٹی آئی کی ہونی چاہیے، قرضے سب سے زیادہ پی ٹی آئی نے لیے ہیں۔
رہنما مسلم لیگ ن نے کہا کہ ہمارے پاس پی ٹی آئی کے قرضوں کا ریکارڈ موجود ہے، آر ٹی ایس کا جواب عمران خان نے دینا تھا، ڈھائی سال ہوگئے جواب نہیں آیا۔
محمد زبیر نے کہا کہ الیکشن کمیشن کے حکم کے باوجود پنجاب حکومت نے انتظامی افسر کو تبدیل نہیں کیا۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان اور اسد عمر ماضی میں کہتے تھے، حفیظ شیخ نے معیشت تباہ کردی، اسد عمر کو ہٹا کر آئی ایم ایف اور ورلڈ بنک کا بندہ لاکر بٹھایا گیا۔
محمد زبیر نے کہا کہ عمران خان کو چاہیے کہ حفیظ شیخ کو سینیٹ الیکشن نہ لڑوائیں، یوسف رضا گیلانی کو جیتنے دیں۔
Comments are closed.