ایرانی فائر فائٹنگ ٹینکر طیارہ پی اے ایف بیس، نور خان میں آمد کے بعد کوہ سلیمان پہاڑی سلسلے کے جنگل میں لگی آگ بجھانے کی کوششوں میں سرگرمِ عمل ہوگیا۔
ترجمان پاک فضائیہ کے مطابق ایرانی آئی ایل۔76 طیارہ جو دنیا کے سب سے بڑے فائر فائٹرز طیاروں میں سے ایک ہے، کی امدادی کارروائیوں میں شمولیت بلوچستان کے ضلع شیرانی میں آگ بجھانے کے آپریشن میں معاون ثابت ہوگی۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ قدرتی آفات میں فرنٹ لائن ریسپانس دینے کی روایت کو برقرار رکھتے ہوئے پاک فضائیہ ایرانی فائر فائٹنگ ٹینکر طیارے کو ہر ممکن تعاون فراہم کر رہی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان اور ایران کے مابین خوشگوار تعلقات استوار ہیں اور دونوں ممالک قدرتی آفات میں ایک دوسرے کی مدد کے لیے ہمیشہ تیار رہتے ہیں۔
بلوچستان میں شیرانی کے جنگلات میں آگ ایک ہفتہ قبل آسمانی بجلی گرنے کے بعد شروع ہوئی جس نے پہاڑی سلسلے میں موجود سیکڑوں درختوں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔
آگ سے متاثرہ علاقے میں دنیا کے سب سے بڑے چلغوزے کے جنگلات کا سلسلہ بھی شامل ہے جو بلوچستان، پنجاب اور خیبرپختونخوا کے صوبوں کو آپس میں ملاتا ہے۔
Comments are closed.