کراچی: امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن کا کہنا ہے کہ پانی کی قلت کی وجہ سے عوام کے اندر بے چینی اور اضطراب مسلسل بڑھ رہا ہے، عوام سے اپیل کی ہے کہ دھرنے میں زیادہ سے زیادہ تعداد میں شریک ہوں تاکہ حکومت اور واٹر بورڈ کے ذمہ داران پانی جیسے اہم اور بنیاد مسئلے کے حل کے لیے متوجہ ہوں۔
حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ شہر میں میں سخت گرمی میں پانی کے بڑھتے ہوئے بحران، پانی کی فراہمی میں وفاقی و صوبائی حکومتوں کی عدم دلچسپی، واٹر بورڈ کی نا اہلی و ناقص کارکردگی، پانی کی غیر منصفانہ تقسیم اور ٹینکرز سے مہنگے داموں فروخت کے خلاف جماعت اسلامی کے تحت جمعہ 20مئی کو5بجے شام، واٹر بورڈ ہیڈ آفس شاہراہ فیصل پر احتجاجی دھرنا دیا جائے گا۔
امیر جماعت اسلامی کراچی کا کہنا تھا کہ دھرنے کی تمام تیاریاں اور انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔ تمام اضلاع سے قافلے امراء اضلاع اور دیگر ذمہ داران کی قیادت میں شاہراہ فیصل پہنچیں گے۔
حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ دھرنے میں عوام کی غیر معمولی تعداد کی شرکت کے پیش نظر بڑے پیمانے پر انتظامات کیے گئے ہیں۔پانی کی قلت سے غیر معمولی متاثرہ علاقوں اور جن علاقوں میں کئی کئی مہینوں سے پانی نہیں آیاہے وہاں کے مکینوں کے اندر شدید غم و غصہ اور دھرنے میں شرکت کے لیے زبردست جوش و خروش موجود ہے اور یہ لوگ بھی بڑی تعداد میں شریک ہوں گے۔
حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ واٹر بورڈ ہیڈ آفس کے سامنے احتجاجی دھرنا اہل کراچی کے احساسات و جذبات کا ترجمان ہوگا۔ جماعت اسلامی تین کروڑ سے زائد عوام کے جائز اور قانونی حقوق اور شہر کے گھمبیر مسائل کے حل کے لیے ”حقوق کراچی تحریک“ جاری رکھے گی۔
Comments are closed.