شوگر ملز ایسوسی ایشن نے چینی کی قیمتوں میں کمی کے لیے وقت مانگ لیا، کل تک چینی کی قیمت پر حکومت سے دوبارہ مذاکرات متوقع ہیں۔
شوگر ملز ایسوسی ایشن کے ترجمان کا کہنا ہے کہ حکومت نے ایکس ملز ریٹ 70 روپے فی کلو کا کہا تھا، حکومت کو واضح کر دیا، 70 روپے فی کلو چینی کی فروخت ممکن نہیں۔
اس حوالے سے ترجمان نے یہ بھی کہا کہ حکومت کو ملک میں موجود سرپلس چینی برآمد کرنے کی تجویز دی،اس وقت ملک میں 15 لاکھ ٹن سر پلس چینی موجود ہے۔
ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ چینی کی برآمد سے حکومت کو زرمبادلہ بھی ملے گا، حکومت سے مختلف معاملات پر بات چیت چل رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ شوگر ملز ایسوسی ایشن اور حکومت پنجاب کے درمیان معاملات طے نہیں پاسکے، چینی کسی بھی صورت 70 روپے فی کلو نہیں دے سکتے، چینی 70 روپےفی کلو دینے سے شوگر انڈسٹری تباہ ہوجائے گی۔
ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ 20 لاکھ ٹن چینی ملکی ضروریات سے زائد پیدا ہوئی ہے، حکومت 15 لاکھ ٹن چینی برآمد کر کے ایک ارب ڈالر زرمبادلہ حاصل کرسکتی ہے۔
Comments are closed.