بدھ14؍شوال المکرم 1442ھ26؍مئی 2021ء

عامر لیاقت نے پاکستان چھوڑنے سے پہلے دانیہ سے معافی مانگ لی

رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر عامر لیاقت حسین نے پاکستان چھوڑنے سے پہلے دانیہ شاہ اپنی سابقہ دونوں بیویوں سے معافی مانگ لی۔

عامر لیاقت حسین نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر اپنی تینوں بیویوں دانیہ، طوبیٰ اور بشریٰ سمیت دونوں بچوں اور پوری قوم کے لیے  52 منٹ سے زائد کا ویڈیو پیغام جاری کیا جس کے ساتھ ایک طویل کیپشن بھی لکھا۔

اُنہوں نے اپنی پوسٹ میں لکھا کہ ’میں نے اس حیاتِ شکستہ میں جس جس کا دل دُکھایا ہے جانے سے قبل ان سب سے معافی مانگتا ہوں، مجھے معاف کر دیجیے گا۔‘

رکن قومی اسمبلی نے لکھا کہ ’جس کسی کا مجھ پر قرض ہے، انشاءاللّٰہ! مرنے سے پہلے وہ قرض اتار دوں گا اور ایک بڑے چینل سمیت جس نے بھی میری رقم ہضم کرلی ہے وہ بس اللّٰہ سے ڈریں اور ڈھیل کو اپنی دعاؤں کی قبولیت نہ سمجھیں۔‘

تین شادیوں میں ناکامی کے بعد رکن قومی اسمبلی عامر لیاقت حسین کو چوتھی شادی کی پیشکش ہوگئی۔

اُنہوں نے نوجوان نسل سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ ’نوجوانوں سے ملتمس ہوں کہ کسی کو جاننے یا اس سے ملنے سے پہلے کسی کی سنی سنائی باتوں میں آکر اپنے والدین کی دوڑ دھوپ، تکلیف سے پالنے، حلال کمائی سے آپ کے کمانے کے لیے اور پھر آپ کی کی تربیت کرنے کو اپنے عمل سے پراگندا نہ کریں۔‘

عامر لیاقت نے یہ بھی کہا کہ ’پاکستان کے لیے جی جائیں اور سیاسی نعروں میں گم ہو کر اپنی فوج کو گالیاں نہ دیں مذاق کریں لیکن مذاق اڑائیے نہیں، رنگ، نسل، ذات اور شکل و ساخت پر کسی کی مذاق نہ اڑائیے کہ سب احسن تقویم پر پیدا ہوئے۔‘

موجودہ اور سابقہ بیویوں سے حوالے سے عامر لیاقت نے لکھا کہ ’میں نے جذباتی کیفیت میں اپنی اہلیہ دانیہ کو کچھ بھلا بُرا کہا ہے، آپ نہ کہیے گا وہ ابھی چھوٹی ہے اور نہ کوئی اسے گرفتار کرے اور نہ پریشان کیونکہ میں نے تکلیف میں گرفتاری کی بات کہہ دی تھی۔‘

واضح رہے کہ عامر لیاقت کی تیسری اہلیہ دانیا ملک کی جانب سے گزشتہ ہفتے ان پر سنگین الزامات لگاتے ہوئے عامر لیاقت سے طلاق لینے کے لیے عدالت سے رجوع کیا۔

اُنہوں نے کہا کہ ’اللّٰہ دانیہ، بشریٰ، طوبیٰ، احمد اور دعا کو سلامت رکھے سرفراز فرمائے، بشریٰ مزید اپنی تعلیم اور علم میں ستارہ بن کر چمکیں اور طوبی تو ماشاءاللّہ ستارہ بن ہی چکی ہیں، دعا اس ملک کی بہترین آرٹسٹ بننے جا رہی ہے اور احمد جیسا ذہین انجینئر پاکستان کو جلد ملنے والا ہے۔‘

رکن قومی اسمبلی نے یہ بھی کہا کہ ’میں انسٹاگرام، ٹوئٹر اور فیس بک پر ہمیشہ فعال اور جیسا ہوں ویسا ہی ملوں گا، تمام احباب، ساتھی کارکنان اور غیر مشروط چاہت رکھنے والوں کا بے حد شکریہ۔‘

واضح رہے کہ گزشتہ روز عامر لیاقت نے ہمیشہ کے لیے پاکستان چھوڑنے کا اعلان کیا تھا۔

اپنے ٹوئٹر پیغام میں ایک بیان جاری کرتے ہوئے عامر لیاقت حسین نے کہا تھا کہ کچھ دیر بعد اپنا آخری بیان جاری کروں گا، اس کے بعد ہمیشہ کے لیے پاکستان چھوڑ دوں گا۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.