پاکستان مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز کا کہنا ہے کہ ہر صوبے سے پے درپے شکست عمران خان کا مقدر بنی، عمران خان نے ڈسکہ کی نشست پر ڈاکا ڈالا۔
وزیر آباد میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ سندھ، بلوچستان اور کے پی میں یہ الیکشن ہارے، پنجاب میں انہوں نے الیکشن پر ڈاکا ڈالنے کی کوشش کی، پنجابی جب جاگ جاتے ہیں تو گھر تک چھوڑ کر آتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ یہ الیکشن نہیں آٹا، چینی، بجلی اور ووٹ چوروں کے خلاف ریفرنڈم تھا، آج میں وزیرآباد کے شیروں کو ووٹ کی عزت ان کے منہ سے چھین کر لانے پر مبارکباد دینے آئی ہوں۔
مریم نواز نے کہا کہ بدترین دھاندلی کے باوجود وزیر آباد نے نواز شریف کے ’ووٹ کو عزت دو‘ کے بیانیے کی جنگ لڑی، ن لیگ کی ٹیم کے ہر رکن کو شاباش دیتی ہوں، وزیر آباد، ڈسکہ اور نوشہرہ کے عوام کا شکریہ ادا کرتی ہوں۔
انہوں نے کہا کہ چینی چوروں اور ووٹ چوروں کا مقبرہ بناکر ان کو یہاں دفن کردیا، پنجاب نے نہ صرف ووٹ پر ڈاکے کا بدلہ لیا بلکہ 2018 کے جعلی الیکشن کا پول بھی کھول دیا۔
رہنما مسلم لیگ ن نے کہا کہ مریم کے پاپا روزگار تو بعد میں لائیں گے پہلے ووٹ چوروں کو رلائیں گے۔
مریم نواز نے کہا کہ اتنا سیانا بننے کی ضرورت نہیں عوام جانتی ہے کس طرح فائرنگ کرکے خوف و ہراس پھیلایا گیا، شیر کے ووٹرز نے ڈرنے سے انکار کیا ووٹوں کے تھیلے اٹھا کر بھاگے اور پکڑے گئے۔
Comments are closed.