وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے امور صحت ڈاکٹر فیصل سلطان نے کورونا ویکسین کی پہلی ڈوز لگوالی۔
اسلام آباد میں ویکسین لگوانے کے بعد میڈیا سے گفتگو میں ڈاکٹر فیصل سلطان نے کہا کہ کورونا ویکسین کی پہلی ڈوز آج لگوائی ہے، آدھا گھنٹہ دیکھنے کے بعد کہا جاسکتا ہے کہ اس کے کوئی سائیڈ ایفیکٹ نہیں ہیں۔
انہوں نے کہا کہ یہ ویکیسن دنیا کے مختلف ممالک میں لگائی جا رہی ہے، میں نے اس ویکیسن کے لیے خود کو رجسٹرڈ کرایا ہے۔
ڈاکٹر فیصل سلطان نے مزید کہا کہ مارچ کے پہلے ہفتے میں اسٹرازینکا کی پہلی کھیپ پاکستان میں آجائے گی، آپ لوگ اپنا ویکیسینیشن سنٹر خود منتخب کر سکتے ہیں۔
اُن کا کہنا تھا کہ 60 سال سے زیادہ عمر کے افراد کی رجسٹریشن بھی شروع ہوچکی ہے، جنہیں ویکسین لگانے کا عمل مارچ میں شروع ہوجائے گا۔
وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی نے یہ بھی کہا کہ ویکسین کوئی بھی ہو تمام رجسٹرڈ ہیں ان کا موثر ہونا 90 فیصد سے زیادہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ لوگوں سے اپیل ہے کہ ویکسین لگوائیں سُستی نہ کریں، گمراہ کن خبروں پر کان بالکل نہ دھرے جائیں۔
ڈاکٹر فیصل سلطان نے یہ بھی کہا کہ ہاتھوں کا صاف کرنا، سنیٹائزر اور ماسک کا استعمال ویکیسن لگانے کے بعد بھی لازمی کرنا ہے، میں کہتا ہوں کورونا کی جو ویکسین دستیاب ہو وہ لگوا لینی چاہیے۔
Comments are closed.