ڈیوک اینڈ ڈچز آف سسیکس پرنس ہیری کے ملکہ الزبتھ سے توہین آمیز رویے پر اُن کے بڑے بھائی پرنس ولیم دلبرداشتہ ہو گئے۔
گزشتہ ہفتے بکنگھم پیلیس کی جانب سے اعلان کیا گیا تھا کہ ڈیوک اینڈ ڈچس آف سسیکس پرنس ہیری اور اُن کی اہلیہ میگھن مارکل اب کبھی شاہی خاندان میں بطور شاہی فرد شمولیت اختیار نہیں کر سکیں گے۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق بکنگھم پیلس کی جانب سے جاری کیے گئے بیان پر ہیری اور میگھن نے رد عمل دیا ہے۔
ہیری اور میگھن کا کہنا ہے کہ ’ڈیوک اینڈ ڈچز آف سسیکس نے اپنے فرائض اور خدمات بخوبی نبھائے اور وہ مستقبل کے لیے برطانیہ سمیت دنیا بھر میں اپنی خدمات انجام دینے کے لیے حاضر ہیں، جن اداروں کی وہ نمائندگی کرتے ہیں اُنہیں بھی اپنی خدمات اور حوصلہ افزائی کی مکمل یقین دہانی کرواتے ہیں۔‘
غیر ملکی میڈیا کے مطابق ہیری اور میگھن کے اس جواب سے جہاں شاہی خاندان کے متعدد حلقوں میں ہل چل مچ گئی ہے وہیں پرنس ولیم بھی اس بیان پر کافی پریشان نظر آ رہے ہیں۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق پرنس ولیم کافی اداس ہیں، ہیری کے اس انداز نے انہیں صدمہ پہنچایا ہے۔
شاہی خادان کے قریبی ذرائع کے مطابق اس بیان کو ملکہ الزبتھ کی توہین کے زمرے میں لیا جا رہا ہے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق شاہی خاندان کے قریبی ذرائع کا کہنا ہے کہ ’ملکہ کو پلٹ کر جواب نہیں دیا جاتا، ایسا آج تک نہیں ہوا ہے۔‘
واضح رہے کہ ملکہ الزبتھ کی جانب سے پرنس ہیری اور میگھن مارکل کے شاہی القاب واپس لینے کے حکم کے بعد یہ بات مزید واضح ہو گئی ہے کہ یہ جوڑا آنے والے وقتوں میں شاہی خاندان کا حصہ نہیں بنے گا۔
جنوری 2020ء میں برطانوی شہزادہ ہیری اور ان کی اہلیہ میگھن مارکل شاہی خاندان کے سینیئر ارکان کی حیثیت سے دستبردار ہو گئے تھے۔
2020ء میں بکنگھم پیلیس کی جانب سے جاری کیے گئے بیان میں کہا گیا تھا کہ اب شہزادہ ہیری اور ان کی اہلیہ میگھن مارکل شاہی خاندان کے فرد کی حیثیت سے کبھی واپس شمولیت اختیار نہیں کر سکیں گے۔
واضح رہے کہ اس سے قبل یہ خبر سامنے آئی تھی کہ ملکہ الزبتھ دوئم چاہتی ہیں کہ ڈیوک اینڈ ڈچز آف سسیکس پرنس ہیری اور میگھن مارکل شاہی خاندان سے قطع تعلقی کے بعد شاہی نام اور شاہی سرپرستی سے بھی دستبردار ہو جائیں۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق ملکہ الزبتھ پرنس ہیری اور میگھن مارکل کے بطور سلیبرٹی معروف امریکی میزبان اپرا وِنفرے کے شو میں شرکت کی خبریں سننے کے بعد سے اس جوڑے سے سخت نالاں ہیں۔
Comments are closed.